شہر میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں تاخیر

   

بارش کے موسم میں کئی مقامات پر عوام کو سخت مشکلات کا سامنا
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر میں زیر التواء ترقیاتی کاموں کے سبب ان دنوں عوام کو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ بلدی حکام کی لاپرواہی اور عوامی نمائندوں کی بے حسی شہریوں کے لیے ناقابل بیان تکالیف کا سبب بنتی جارہی ہے ۔ شہر کے بیشتر علاقوں بالخصوص مانصاحب ٹینک علاقہ میں برساتی پانی کا بہاؤ نہ ہونے سے سڑکیں جھیل کا منظر پیش کررہی ہیں اور راستہ عملا بند ہوگیا ہے ۔ یہاں تک کہ اس راستہ سے پیدل راہگیروں کا گذرنا بھی مشکل ہوگیا ہے ۔ سڑک کے درمیان جمع پانی اور اس پانی کے بہاؤ کا نظام نہ ہونے سے گندگی پھیل رہی ہے ۔ شہریوں کو راستہ سے گذرنے کے لیے ایک امتحان دینا پڑرہا ہے اور اس راستہ سے گذرنا آزمائشی ہوگیا ہے چونکہ سڑک پر جمع پانی سے گڈھے کھڈوں میں گرنے کا خدشہ رہتا ہے اور شہری اس راستے سے گذرنے کے سبب گر کر زخمی ہورہے ہیں ۔ عوام کو پیش آرہی ان مشکلات پر بلدی حکام توجہ نہیں دیتے اور نہ ہی مقامی عوامی نمائندے اس جانب توجہ دیتے ہیں ۔ ایسا ظاہر ہوتا ہے اس علاقہ کی عوام کے مسائل اور بنیادی سہولیات کی انہیں کوئی فکر نہیں ۔ رات کے اوقات تو یہ سڑک خوفناک منظر پیش کررہی ہے ۔ مانصاحب ٹینک علاقہ کی عوام نے ارباب مجاز سے درخواست کی ہے کہ وہ اس سنگین مسئلہ کی جانب سے فوری توجہ مرکوز کرتے ہوئے موثر اقدامات کریں اور شہریوں کو راحت فراہم کریں ۔ پانی کی عدم نکاسی اور گندگی سے صحت کے متعلق بھی خطرات لاحق ہوگئے ہیں ۔۔