حیدرآباد ۔ 6 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : شہر میں تقریبا 60 ہزار اسٹریٹ لائٹس ناکارہ ہو کر رہ گئے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر میں اسٹریٹ لائٹس کے مینٹیننس کے لیے انرجی ایفیشینسی سروسیس لمٹیڈ (EESL) کے ساتھ کیا گیا معاہدہ 30 اپریل کو ختم ہوگیا ہے لیکن اس کام کے لیے کسی نئی ایجنسی کا ہنوز انتخاب نہیں کیا گیا ۔ جی ایچ ایم سی کی اسٹانڈنگ کمیٹی میں دو باتیں پیش کی گئیں کہ آیا ای ای ایس ایل کو برقرار رکھا جائے یا پھر ٹنڈرس طلب کئے جائیں چنانچہ اس کمیٹی نے متفقہ طور پر ٹنڈرس طلب کرنے پر زور دیا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ نئی ایجنسی کا انتخاب کرنے کے عمل کے لیے کم از کم دو ماہ درکار ہوسکتے ہیں ۔ جس کے دوران ای ای ایس ایل کے موجودہ 17 وینڈرس کو برقرار رکھا جائے گا ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ اس کے ٹنڈرس بھاری اخراجات والے ہوں گے اور جی ایچ ایم سی کو اس کے بارے میں فیصلہ کرنے کی اتھاریٹی نہیں ہے ۔ ہمیں اسے حکومت کے پاس روانہ کرنا ہوگا اور اس کیلئے کچھ وقت درکار ہوسکتا ہے ‘ ۔ ٹنڈر جاری کرنے سے قبل اسٹریٹ لائٹس انفراسٹرکچر کی حالت معلوم کرنے کیلئے کئے جارہے ایک سروے میں معلوم ہوا ہے کہ شہر میں 50 تا 60 ہزار اسٹریٹ لائٹس ناکارہ ہوگئے ہیں ۔۔