شہر میں جلد ہی ڈبل ڈیکر بس خدمات

   


حیدرآباد۔3۔نومبر۔(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے شہر کی سڑکوں پر دوبارہ ڈبل ڈیکر بسوں کو چلانے کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے 10الکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں کو حاصل کرلیا ہے جو کہ تجرباتی طور پر افضل گنج تا مہدی پٹنم‘ کوٹھی تا پٹن چیرو اور سی بی ایس تا جیڈی میٹلہ چلائی جائیں گی۔ عہدیداروں کے مطابق ان راہداریوں پر ڈبل ڈیکر بسوں کے گذرنے میں کوئی مشکلات نہیں ہیں اور نہ ہی ان بسوں کے گذرنے میں کوئی رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدہ کے مطابق شہر میں ڈبل ڈیکر بسوں کے آغاز کے سلسلہ میں پہل کی جاچکی ہے اور ٹی ایس آر ٹی سی نے 10 بسوں کو حاصل کرلیا ہے لیکن ابتدائی طور پر ان تین راہداریوں پر چلانے کے بعد اضافی بسیں حاصل کی جائیں گی۔ بتایاجاتا ہے کہ آرٹی سی نے ابتدائی طور پر الکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں کو ٹنڈر کے ذریعہ کرایہ پر حاصل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ اس کے معاشی امور کا تخمینہ درست انداز میں لگایا جاسکے۔ ڈبل ڈیکر بسوں کو آرٹی سی پر بوجھ بننے سے بچانے کے لئے ابتدائی طور پر ان بسوںکو کرایے پر چلانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آرٹی سی عہدیداروں نے ممبئی میں چلائی جانے والی 22 ڈبل ڈیکر الکٹرک آرٹی سی بسوں کی کاکردگی اور ان سے ہونے والی آمدنی کے متعلق تفصیلی مطالعاتی رپورٹ کی تیاری کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ ریاستی حکومت کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ آرٹی سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ آئندہ دو ہفتوں میں شہر کی مذکورہ راہداریوں پر الکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کا عمل شروع کیا جاسکتا ہے ۔م