شہر میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے متجاوز۔ گرمی کی شدت میں اضافہ

   

حیدرآباد۔4۔اپریل (سیاست نیوز) شہر میں درجہ حرارت آج 40 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرچکا ہے اور دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے بیشتر علاقوں میں دھوپ کی شدت میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق ریاست کے بیشتر اضلاع میں 5 تا 8 اپریل موسم تبدیل ہونے اور غیر موسمی بارش کے امکانات ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ اس مدت کے دوران شہر حیدرآباد میں بھی مطلع ابرآلود ہوگا اور بعض مقامات پر بارش بھی ریکارڈ کی جائے گی۔ حیدرآباد کے علاقہ خیریت آباد میں آج درجہ حرارت 40.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو کہ شہر کے تمام علاقوں میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔راجندر نگر کے علاقہ میں اقل ترین درجہ حرارت 37.4ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ دونوں شہرو ںمیں آئندہ دو یوم کے دوران ہلکی بوندا باندی یا مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ غیر موسمی بارش کے بھی امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔