اضلاع میں 44ڈگری ہوجانے کابھی اندیشہ
حیدرآباد 11 اپریل (سیاست نیوز) دونوں شہرو ںحیدرآباد وسکندرآباد میں جاریہ ہفتہ درجہ حرارت 40 ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا جائے گا اور کئی اضلاع میں 44 ڈگری تک پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے انتباہ میں کہا گیا ہے کہ بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت میں اضافہ کے سبب گرم ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا اور لو لگنے کے واقعات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ دونوں شہروں میں درجہ حرارت میں اضافہ کے دوران پڑوسی مہاراشٹرا میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور 14اپریل تک بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ اورنگ آباد کے علاوہ مرہٹواڑہ کے علاقوں جالنہ ‘ بیڑ‘ عثمان آباد‘ پربھنی ‘ لاتور اور ناندیڑ میں بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے اور 14 اپریل کے بعد شہر کے علاوہ اضلاع میں موسم کی صورتحال تبدیل ہونے کا امکان ہے ۔ خانگی ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ اگر 14اپریل کے بعد مہاراشٹر سے بادلوں کا رخ تلنگانہ کی طرف ہوتا ہے تو یہاں عوام کو شدید گرمی سے کچھ راحت کی توقع ہوگی۔مہاراشٹرا کے علاوہ سرحدی اضلاع میں بھی آئندہ دو یوم کے دوران بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔