شہر میں رات کے درجہ حرارت میں گراوٹ

   

حیدرآباد۔29۔نومبر(سیاست نیوز) دونوں شہرو ںحیدرآباد و سکندرآباد کے نواحی علاقوں میں رات اور صبح کی اولین ساعتوں کے دوران درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی اور آئندہ دو یوم شہر کے نواحی علاقوں بالخصوص غیر آباد علاقوں میں موسم سرما کی شدت کو محسوس کیا جائے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق دونوں شہروں کے علاوہ شہر کے نواحی و مضافاتی علاقوں میں درجہ حرارت گھٹ کر 10تا11 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کئے جانے کاامکان ہے اور آئندہ دو یوم تک یہی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چہارشنبہ کی صبح شہر حیدرآباد میں سردی عروج پر ہوسکتی ہے جبکہ جاریہ ہفتہ کے اواخر میں دوبارہ درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیاجا سکتا ہے۔خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق ریاست تلنگانہ کے جنگلاتی و دیہی علاقوں میں درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے لیکن شہری علاقوں میں موسم تبدیل ہورہا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ ریاست کے بیشتر اضلاع عادل آباد‘ نرمل‘ میدک ‘ سنگاریڈی‘ نظام آباد ‘ کاماریڈی‘ کھمم کے علاوہ دیگر مقامات پر مسلسل سردی میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں میں جہاں درخت زیادہ ہیں ونستھلی پورم‘ ایل بی نگر‘ بندلہ گوڑہ ‘ راجندر نگر‘ مولیٰ علی‘ اپل‘ گھٹکیسر ‘ چیرلہ پلی‘ شمس آباد‘ عطا پور اور دیگر مقامات پر رات کے اوقات میں درجہ حرار ت میں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔م