شہر میں سردی کی لہر، درجہ حرارت میں مزید 2 ڈگری کی کمی متوقع

   

حیدرآباد 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے درجہ حرارت میں گزشتہ تین دن کے دوران بتدریج کمی ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں سردی کی لہر میں قابل لحاظ اضافہ ہورہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ دو دن کے دوران زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت مزید کمی کے ساتھ 18 اور 28 ڈگری کے درمیان رہے گا۔ بالخصوص آئندہ تین دن کے دوران رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی ہوگی اور ڈسمبر کے آخری ہفتہ میں موسم مزید سرد ہوجائے گا۔ پیر کو سری لنگم پلی شہر کا سرد ترین مقام رہا جہاں کا درجہ حرارت 16.4 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ رامچندرا پورم میں 17.2 ڈگری اور کاپرا میں 17.5 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران یہ پیش قیاسی بھی کی گئی ہے کہ آئندہ تین دن کے دوران موسم خشک رہے گا۔ اقل ترین درجہ حرارت 17 اور 19 ڈگری کے درمیان رہے گا۔ بعدازاں مزید کمی کے ساتھ دن کا درجہ حرارت 28 ڈگری اور رات کا درجہ حرارت اوسطاً 18 ڈگری سنٹی گریڈ رہے گا۔