شہر میں سونے کی قیمتیں اعلی ترین سطح تک پہونچ گئیں

   

24 قیراط سونا فی تولہ 62,570 روپئے اور 22 قیراط فی تولہ 57,950 روپئے ہوگیا

حیدرآباد 24 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد میں دو ہفتے قبل تک انتہائی کم قیمت پر پہونچنے والی سونے کی قیمتوں میں اچھال اور اضافہ کا سلسلہ جاری ہے اور قیمتیں اب سب سے زیادہ اور اونچی قیمت پر پہونچ گئی ہیں۔ آج منگل کو شہر میں 24 قیراط سونے کی قیمت فی دس گرام 62,570 روپئے تک پہونچ گئی ہیں جبکہ 22 قیراط سونے کی قیمت فی دس گرام 57,950 روپئے تک پہونچ گئی ہیں۔ شہر میں پہلے سونے کی سب سے زیادہ قیمت 24 قیراط فی دس گرام 62,400 روپئے اور 22 قیراط سونے کی قیمت فی دس گرام 57,200 درج کی گئی تھیں۔ کہا گیا ہے کہ عالمی صورتحال کی وجہ سے اور معاشی حالات کے نتیجہ میں سونے کی قیمتوں پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ حماس ۔ اسرائیل جنگ اور یوکرین ۔ روس جنگ کی وجہ سے بھی سونے کی قیمت میں اضافہ کا رجحان دیکھا جا رہا ہے ۔ مشرق وسطی میں کشیدگی میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے کچھ گوشوں کا احساس ہے کہ سونے کی قیمت میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ دو ہفتے قبل تک شہر میں سونے کی قیمتوں میں گراوٹ درج کی جا رہی تھی اور یہ سب سے کم قیمت پر پہونچ گئی تھیں۔اب سونے کی قیمتوں میں اچھا اور اضافہ کا رجحان دیکھا جا رہا ہے ۔