شہر میں قتل کی ایک اور واردات

   

سسرالی رشتہ داروں نے داماد کو موت کے گھاٹ اتاردیا
حیدرآباد۔پرانے شہر میں آئے دن قتل و غارت گری کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور پولیس ان کو روکنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔ حافظ بابا نگر میں آج ایک ایسا ہی سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جس میں سسرالی رشتہ داروں نے داماد کا بہیمانہ طور پر گلا گاٹ کر قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق 25 سالہ سید منور قادری جو پیشہ سے کیاب ڈرائیور تھا کی شادی چار سال قبل سمرن قریشی سے ہوئی تھی اور انہیں دو سال کی لڑکی اور ایک ماہ کا لڑکا بھی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چند ماہ سے نجی معاملات کے نتیجہ میں منور قادری اور اس کی بیوی کے درمیان جھگڑے چل رہے تھے اور اس کی یکسوئی کیلئے مقتول کے سسرال والوں نے کوششیں کی لیکن جھگڑوں میں کمی نہیں ہوئی۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے انسپکٹر کنچن باغ پی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ منور قادری کو اس کے خسر عیسیٰ قریشی اور دیگر سسرالی رشتہ داروں نے بات کرنے کے بہانے اپنے مکان طلب کیا جہاں پر پھر ایک مرتبہ جھگڑا ہوا جس کے نتیجہ میں منور کے سسرال والوں نے اس کے ہاتھ پیر باندھ دیئے اور سڑک پر گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ خون میں لت پت نعش کو دیکھ کر علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پتہ چلنے پر کنچن باغ پولیس کی ایک ٹیم حیدرآباد پولیس سراغ رسانی دستہ ( کلوز ٹیم ) کے ہمراہ پہنچ گئی۔ پولیس نے مقتول کی نعش کو دواخانہ عثمانیہ بغرض پوسٹ مارٹم منتقل کیا اور بعض افراد کو حراست میں لئے جانے کی اطلاع ہے۔ کنچن باغ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔