حیدرآباد۔ حیدرآباد اور سائبر آباد میں آج ایک دن میں قتل کی تین سنگین وارداتیں پیش آئیں۔ تفصیلات کے مطابق 42سالہ امجد علی خان عرف اسد خان ساکن اچی ریڈی نگر تیگل کنٹہ جہانماں کو آج بعض افراد نے انڈین فنکشن ہال وٹے پلی کے قریب روک کر اچانک مہلک ہتھیاروں سے حملہ کرکے قتل کردیا جب وہ موٹر سیکل پر جارہا تھا۔مقامی عوام نے اس خوفناک منظر کو اپنے موبائیل میں قید کرلیا جو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور سراغ رسانی دستہ بھی وہاں پہنچ گیا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ مقتول اسد خان سال 2008 اور سال 2018 میں قتل کی 2 وارداتوں میں ملوث تھا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ 2018 میں پیش آئے امجد نامی شخص کے قتل کیس کا اسد خان ملزم نمبر ایک تھا اور شبہ کیا جاتا ہے کہ مقتول کے رشتہ داروں نے ہی یہ واردات انجام دی ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ یسین نے اپنے 6 ساتھیوں کے ساتھ ملکر یہ واردات انجام دی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ اسد خان مجلس کا سرگرم کارکن تھا۔ پولیس مائیلاردیو پلی نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔جوبلی ہلز میں بھی سنسنی خیز قتل کی واردات پیش آئی۔ تفصیلات کے مطابق 38 سالہ صدیق احمد متوطن ضلع کریم نگر اپنی فیملی کے ساتھ کارمیکا نگر، جوبلی ہلز کے ایک اپارٹمنٹ میں مقیم تھا۔ صدیق احمد کی بیوی روبینہ اپنے دو بچوں کے ہمراہ مائیکے گئی ہوئی تھی ۔ نامعلوم افراد نے صدیق احمد کے سر پر وزنی شئے سے حملہ کرکے قتل کردیا اور بعد ازاں نعش کو فریج میں رکھ کر فرار ہوگئے۔ پڑوسیوں نے پولیس کو اس اوقعہ کی اطلاع دی ۔ قتل کی تیسری واردات چکڑ پلی میں پیش آئی جہاں 38 سالہ پدنام سنگھ کا گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا۔ چکڑ پلی پولیس کے بموجب پدنام سنگھ اس کی بلجیت کور اور سات سالہ بیٹا ہرجوت سنگھ افضل گنج گردوارہ میں سیوا کرتے ہوئے اپنی زندگی بسر کرتے تھے لیکن گذشتہ سال لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کے نتیجہ میں وہاں سے نکل گئے۔ پدنام سنگھ نے باغ لنگم پلی میںکرایہ کا مکان حاصل کیا اور روزگار کیلئے نارائن گوڑہ علاقہ میں پنجاب فوڈ ہاؤز کے نام سے چھوٹی ہوٹل شروع کی۔ بلجیت کور دوبارہ گردوارہ میں سیوا کیلئے چلی گئی اور پدنام سنگھ کاروبار میں مصروف تھا۔ آج صبح 9 بجے بلجیت کور اپنے شوہر کو فون کرنے پر اس کا جواب نہ ملنے پر وہ تشویش کا شکار ہوگئی اور ہوٹل پہنچ گئی لیکن ہوٹل بھی بند تھی۔ مکان پہنچنے پر اس نے دیکھا کہ پدنام سنگھ کا گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا ہے۔ پولیس کو شبہہے کہ چند دن قبل پدنام سنگھ کا ایک رشتہ دار نشانت سنگھ پنجاب سے شہر پہنچ کر مقتول کے ہوٹل میں ملازمت کررہا تھا اور اس واردات کے بعد وہ غائب ہوگیا۔