آئندہ 3 دنوں میں ہلکی تا تیز بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔14۔جون(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں مانسون کی پہلی برسات کے ساتھ ہی موسم میں معمولی تبدیلی رونما ہوئی ہے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیش قیاسی کے مطابق شہر حیدرآباد کے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقوں میں آئندہ تین یوم کے دوران ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر حیدرآباد میں پیر کی مانسون سرگرم ہوچکا ہے اور آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔گذشتہ شب ہوئی بارش اور مطلع کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں مانسون سرگرم ہونے کے بعد شہرحیدرآباد میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا ہے اور توقع ہے کہ حیدرآباد اور مضافاتی علاقو ںمیں معمول کے مطابق بارش ہوگی ۔گذشتہ شب ہوئی بارش شہر کے کئی علاقو ںمیں مختلف اوقات میں ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق دونوں شہروں میں آئندہ تین یوم کے دوران وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارش کے علاوہ سرد ہواؤں کے امکانات ہیں لیکن دونوں شہرو ںمیں چلنے والی ہواؤوں کی رفتار 30تا40کیلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ نہیں ہوگی ۔تلنگانہ کے بیشتر اضلاع کھمم‘ ورنگل ‘ نلگنڈہ ‘ کاماریڈی ‘ سدی پیٹ کے علاوہ شہر حیدرآباد و نواحی علاقوں ای سی آئی ایل‘گوشہ محل ‘ مدینہ گوڑہ ‘ کوکٹ پلی ‘ جل پلی اور دیگر مقامات پرمانسون کی پہلی اور موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پرانے شہر کے علاقوں اورتلنگانہ کے دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش نہیں ہوئی لیکن مسلسل تیز رفتار بارش کی وجہ سے شہر اور اضلاع میں جاری گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔م