ہر اتوار کو 10منٹ، 10 بجے دن، پروگرام کا آج آغاز
حیدرآباد ۔ 30 جولائی (سیاست نیوز) مچھر کے باعث پھیلنے والے امراض کا تدارک کرنے کی کوشش میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی جانب سے 31 جولائی کو شہر کے مختلف مقامات پر ’ہر اتوار کو 10 منٹ‘ 10 بجے دن پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔ اس پروگرام کو شروع کرنے کا مقصد مچھروں کی افزائش کا تدارک کرنا اور عوام کو امراض اور بخار سے محفوظ رکھنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت مکانات کے اندر اور اطراف میں جمع پانی کو خالی کیا جائے گا کیونکہ یہ مچھروں کی افزائش کے مقامات بن سکتے ہیں۔ یہ پروگرام آئندہ دس ہفتوں تک شہر کے مختلف علاقوں میں منعقد کیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیدار لوگوں کو جمع پانی کو خالی کرنے کی اہمیت کے بارے میں واقف کروائیں گے تاکہ ملیریا اور ڈینگو جیسے امراض کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ جی ایچ ایم سی کے چیف انٹامولوجسٹ رام بابو نے کہا کہ انٹامولوجی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جی ایچ ایم سی کے حدود میں 4,846 کالونیوں کی نشاندہی کی گئی ہے تاکہ بیداری مہم چلاتے ہوئے مکانات میں مچھر سے محفوظ رہنے کے اقدامات کرنے کی ترغیب دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن کی جانب سے کالونیوں میں فاگنگ اور جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی دوسرے کام بھی کرے گا۔ جیسے جھیلوں، حوضوں اور تالابوں میں اینٹی لاروا آپریشنس، سوا چھ آٹوز کے ذریعہ اعلاانات اور معلومات میٹریئل جیسے پمفلٹس، اسٹکرس اور کلاتھ بیانرس کی تقسیم۔