شہر میں ٹریفک کو آسان بنانے ٹریفک مارشل اور پٹرولنگ بائیکس

   

مستقبل میں خدمات میں مزید توسیع، سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند کا خطاب
حیدرآباد /22 اگست ( سیاست نیوز ) کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند نے کل ٹریفک مارشل اور ٹریفک پیٹرولنگ بائیکس کا افتتاح کیا ۔ حیدرآباد سٹی سیکیوریٹی کونسل کے اشتراک سے ان بائیکس اور مارشیل کو فراہم کیا گیا ۔ بحیثیت صدرنشین حیدرآباد سٹی سیکیوریٹی کونسل مسٹر آنند نے افتتاح انجام دیا اور اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خانگی شراکت داری سے خدمات میں مزید تیزی پیدا کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 100 مارشیلز اور 50 بائیکس کو جاری کیا گیا اور ٹریفک مارشلز سٹی سیکیوریٹی کونسل کا ایک منفرد اقدام ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان سہولیات کے ذریعہ ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سٹی پولیس کے اقدامات کے سبب حیدرآباد میں سڑکوں پر سفر آسان ہو رہا ہے ۔ گذشتہ 6 ماہ کے عرصہ میں کئے گئے اقدامات کے سبب سڑکوں پر رفتار 18 کیلومیٹر فی گھنٹہ سے 23 کیلومیٹر فی گھنٹہ تک اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک بائیکس کو جدید آلات اور آراستہ کیا گیا ہے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے ٹریفک اسسٹنٹ کے طور پر ٹرانسجنڈرس کا تقرر کیا گیا اور وہ اپنی خدمات بہتر انداز میں انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کی سڑکوں پر ہر دن 1500 گاڑیوں کا اضافہ ہوتا ہے ۔ جبکہ سڑکوں کی ہر وقت توسیع ممکن نہیں ۔ شہر کے 650 جنکشن پر ٹریفک منیجمنٹ کیلئے سرکاری سہولیات ناکافی ہے اور خانگی عوامی شراکت داری کے ذریعہ اس کمی کو پورا کرتے ہوئے خدمات کو انجام دیا جارہا ہے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ آئندہ دنوں ٹریفک مارشل کی تعداد میں 500 تک کا اضافہ ہوگا ۔ ٹریفک مارشلز متعلقہ انسپکٹر اور ایس ٹی کی زیر نگرانی خدمات انجام دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بڑے غور و فکر کے بعد ٹریفک مارشلز کو ٹریفک پولیس عملہ کا یونیفارم دیا گیا ہے ۔ کمشنر پولیس نے ٹریفک مارشلز سے درخواست کی کہ وہ اپنے خدمات سے ٹریفک پولیس کا نام روشن کریں بلکہ نام کو متاثر نہ کریں۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر آف پولیس لاء اینڈ آرڈر وکرم سنگھ مان جو اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ٹریفک جوئیل ڈیوز حیدرآباد سٹی سیکوریٹی کونسل کے نمائندے شیکھر ریڈی و دیگر موجود تھے ۔ ع