شہر میں پیر تک شدید سردی کا اندیشہ ‘ درجہ حرارت میں گراوٹ

   

دو دن کیلئے زرد الرٹ جاری ۔اقل ترین درجہ حرارت 15.4 ڈگری ماریڈ پلی میں درج کیا گیا
حیدرآباد26 نومبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد میں سردی کی لہر کا سلسلہ جاری ہے اور ہفتے کو درجہ حرارت 16.7 ڈگری سلسئیس تک پہونچ گیا جو معمول سے تین ڈگری کم ہے ۔ سب سے کم درجہ حرارت 15.4 ڈگری ویسٹ ماریڈ پلی میں درج کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب ماہ نومبر میں آخری مرتبہ کو اقل ترین درجہ حرارت تھا وہ 12.4 تھا جو 18 نومبر 2012 کو درج کیا گیا تھا ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بموجب آئندہ دنوں میں بھی سردی کی لہر ہوسکتی ہے اور درجہ حرارت میں کمی آسکتی ہے ۔ محکمہ نے پیر تک کیلئے زرد الرٹ جاری کیا ہے ۔ محکمہ نے اقل ترین درجہ حرارت 15 ڈگری یا اس سے بھی کم درج ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ محکمہ نے کہا کہ سکندرآباد ‘ سرور نگر ‘ ایل بی نگر ‘ ملکاجگری ‘ بیگم پیٹ ‘ جوبلی ہلز ‘ ملک پیٹ ‘ اپل ‘ خییریت آباد ‘ حیات نگر ‘ گوشہ محل ‘ یوسف گوڑہ ‘ مہدی پٹنم اور عنبر پیٹ میں اتوار کو اقل ترین درجہ حرارت 14 ڈگری تک درج کیا جاسکتا ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کے بموجب ماہ نومبر میں ریاست میں سردی کی لہر شدید نہیں ہوتی تاہم اس بار شدت کی سردی ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ ریاست کے دوسرے اضلاع میں بھی آئندہ دو دن میں درجہ حرارت میں گراوٹ آسکتی ہے ۔ ہفتے کو کمارم بھیم آصف آباد میں درجہ حرارت 9.7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور اتوار کو بھی ضلع میں شدید سردی کا امکان ہے ۔