استاد امجد علی خاں کا مظاہرہ ، مختلف پروگراموں کو قطعیت
حیدرآباد۔14۔نومبر(سیاست نیوز) شہر میں قاد رعلی بیگ تھیٹر فیسٹ کا 16 نومبر سے آغاز ہوگا اور تھیٹر فیسٹ کے پہلے دن استاد امجد علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔16تا 20نومبر منعقد ہونے والے اس تھیٹر فیسٹ کے سلسلہ میں پدم شری محمد علی بیگ نے بتایا کہ تارامتی بارہ دری کے علاوہ معظم جاہی مارکٹ پر بھی تھیٹر شو منعقد کئے جائیں گے۔16 نومبر کی شام 7 بجے تارامتی بارہ دری میں استاد امجد علی خان کا موسیقی ریز لائیو ان کانسٹ ہوگا جس میں ریاستی وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی مہمان خصوصی ہوں گے۔ 17 نومبر کو معظم جاہی مارکٹ میں کیفی اعظمی کا لکھا ڈرامہ ’’گرم ہوا‘‘ پیش کیا جائے گا۔ جبکہ 18 نومبر کو ہوٹل ریڈیسن بلو میں’’ وتھ لو۔آپ کی سائرہ ‘‘ ڈرامہ پیش کیا جائے گا۔جبکہ 19 نومبر کو بھی ریڈین بلو میں دو مختلف ڈرامے ’’مہانروانم اور’’ ٹوبا ٹیک سنگھ‘‘ پیش کئے جائیں گے ۔ 20نومبر بروز اتوار ریڈیسن بلو میں ’’کملا دیوی‘‘ اور ’’بھوکے بھجن نہ ہووے گوپالا‘‘ پیش کیا جائے گا۔ قادر علی بیگ تھیٹر فاؤنڈیشن کے ان تمام پروگرامس میں داخلہ بذریعہ پاس ہوگا۔قادر علی بیگ تھیٹر فاؤنڈیشن کے ان تمام پروگرامس کو ریاستی حکومت کے مختلف محکمہ جات کی سرپرستی حاصل ہے۔پدم شری محمد علی بیگ کے مطابق ان پروگرامس کو حکومت تلنگانہ کے محکمہ سیاحت کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد‘ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ اور دیگر اداروں کے تعاون و اشتراک سے منعقد کیا جا رہاہے۔م