شہر میں گانجے کا ریاکٹ بے نقاب ۔ دو افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /22 جنوری (سیاست نیوز) محکمہ آبکاری اکسائیز انفورسمنٹ کے عہدیداروں نے شہر میں ایک بڑے گانجہ کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 100 گانجہ برآمد کرلیا ۔ انفورسمنٹ کے عہدیدار این انجی ریڈی کے بموجب 26 سالہ وی سرینواس اور اس کے ساتھی 26 سالہ بی اشوک تیجا کو ملک پیٹ ٹی وی ٹاور کے قریب اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب وہ بھاری مقدار میں گانجہ منتقل کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار افراد کا تعلق آندھراپردیش کے نرسی پٹنم سے ہے ۔ گانجہ کی منتقلی کی اطلاع ملنے پر اکسائیز انفورسمنٹ کی ایک ٹیم نے عبداللہ پور میٹ علاقہ میں پارک کی ہوئی ایک کار کو ضبط کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس گاڑی سے 100 کیلو گانجہ برآمد کرلیا گیا ہے ۔ تفتیش کے دوران گرفتار سرینواس کے مطابق عہدیداروں نے بتایا کہ وہ دھول پیٹ ، کاٹے دھن اور نارائن کھیڑ علاقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو گانجہ فروخت کررہا تھا اور منشیات کی مانگ میں اضافہ ہونے کے نتیجہ میں اس نے 100 کیلو گانجہ فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا تھا ۔ انجی ریڈی نے بتایا کہ گرفتار افراد چنتاپلی ، نرسی پٹنم سے گانجہ حاصل کررہے تھے اور فی کیلو 10 ہزار روپئے فروخت کررہے تھے ۔ اکسائز انفورسمنٹ نے گرفتار افراد کے قبضے سے 100 کیلو گانجہ اور منشیات کی منتقلی میں استعمال کی جانے والی کار کو بھی ضبط کرلیا ہے ۔