شہر میں گرما کے آغاز سے قبل ہی غیر معلنہ برقی کٹوتی ؟

   

حیدرآباد۔9۔جنوری(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے بیشتر علاقوں میں موسم گرما کے آغاز سے قبل ہی غیر معلنہ برقی کٹوتی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے! شہر کے مختلف مقامات اور محلہ جات سے اس بات کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں کہ مرمت اور مینٹیننس کے نام پر روزانہ کے اساس پر کم از کم دو گھنٹے برقی سربراہی مسدود کی جانے لگی ہے اور ان شکایات کے سلسلہ میں برقی عہدیداروں سے رابطہ کرنے کی کوشش بھی مسلسل ناکام ثابت ہونے لگی ہے۔ شہر حیدرآباد میں بلا وقفہ اور معیاری برقی سربراہی کے دعوے کئے جاتے رہے ہیں لیکن عام طور پر موسم گرما کے آغاز سے قبل محکمہ برقی کی جانب سے برقی تاروں پر آنے والے درختوں کی کٹائی کے علاوہ برقی ٹرانسفارمرس کی مرمت و دیگر کاموں کے لئے اطلاع دیتے ہوئے برقی سربراہی کو مسدود کیا جاتا ہے لیکن پرانے شہر کے کئی علاقوں میں گذشتہ ایک ہفتہ سے روزانہ کے اساس پر برقی سربراہی کو مسدود کیا جانے لگا ہے اور دریافت کرنے پر کہا جا رہاہے کہ مرمتی کاموں کی انجام دہی کے لئے برقی سربراہی مسدود کی گئی ہے ۔ تلنگانہ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹڈ کے عہدیداروں کے مطابق دونوں شہروں کے مختلف سب اسٹیشن میں جاری مرمتی کاموں کے سبب برقی سربراہی میں خلل پیدا ہورہا ہے اور ٹی ایس پی ڈی سی ایل کی جانب سے موسم گرما کے دوران بلا وقفہ معیاری برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کے طور پر موسم گرما کے آغاز سے قبل ان کاموں کو مکمل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ مختلف سب اسٹیشن میں مرمتی کاموں کو مرحلہ وار انداز میں مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کے نتیجہ میں بعض علاقوں میں بار بار برقی سربراہی مسدود کی جا رہی ہے جبکہ ان علاقوں میں کاموں کو مکمل کیا جاچکا ہے۔3