مختلف محکمہ جات میں بہتر اشتراک ۔ پولیس عملہ کی لگاتار جدوجہد ۔ سی وی آنند کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 7 ستمبر (محمد محمود علی خان) حیدرآباد میں مرکزی گنیش مورتی وسرجن کے اختتام پر حیدرآباد کمشنر سی وی آنند نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گنیش وسرجن پرسکون اور پرامن طور پر اختتام کو پہونچا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ حیدرآباد میں آن لائن 12,030 مورتیوں کا اندراج کیا گیا۔ ان میں 7330 مورتیوں کو مرکزی جلوس کے دوران وسرجن کیا جانا تھا تاہم ان میں سے 900 مورتیاں اب بھی وسرجن کیلئے نکلس روڈ پر موجود ہیں۔ گنیش وسرجن جلوس تقریباً 40 گھنٹے جاری رہا۔ اس سال جلوس میں تاخیر ہوئی۔ چند مورتیاں 40 فیٹ سے اونچی تھیں جس کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔ وسرجن کو پرامن مکمل کرنے کیلئے پولیس نے مسلسل جدوجہد کی ۔ 9 ڈرونز کے ذریعہ جلوس پر نگرانی رکھی گئی۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ خیریت آباد گنیش اتسو کمیٹی کے تعاون سے وسرجن مقررہ وقت سے قبل مکمل کرلیا گیا۔ پرامن وسرجن مکمل کرنے میں سنٹرل زون پولیس کے علاوہ جی ایچ ایم سی، ریونیو، بجلی، آر ٹی اے اور ایچ ایم ڈی اے کے درمیان تال میل رہا ۔ وسرجن کے دوران معمولی جھگڑے ہوئے جس پر 5 مقدمات درج کئے گئے۔ پولیس نے خواتین سے چھیڑ چھاڑ اور جیب کتری کے معاملات میں 170 افراد کو گرفتار کیا۔ گزشتہ سال کے مقابلے اس سال جرائم میں کافی کمی ہوئی ہے۔ سی وی آنند نے پولیس سے تعاون پر منڈپ منتظمین اور پولیس اہلکاروں کی ستائش کی۔ خاص کر پولیس اہلکار جنہوں نے مسلسل 40 گھنٹے اپنی ڈیوٹی نبھائی سے اظہارتشکر کیا۔ اس موقع پر وکرم سنگھ مان اڈیشنل کمشنر لا اینڈ آرڈر، وشوا پرشاد اڈیشنل سی پی کرائم، جوئل ڈیوس جوائنٹ سی پی ٹریفک، این شویتا ڈی سی پی، کے شلپاولی ڈی سی پی سنٹرل زون، اکشتیا کرشنا مورتی ڈی سی پی ہیڈکوارٹرز و دیگر موجود تھے۔