شہر میں 10 نئے بس ڈپوز قائم کرنے کا منصوبہ

   

آر ٹی سی نے 100 ایکڑ اراضی مختص کرنے کی حکومت سے اپیل کی
حیدرآباد۔ 15 اگست (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے ڈیزل بسوں کی جگہ 2000 الیکٹرک بسیں پی ایم ای ڈرائیو کے تحت منظور کی ہیں۔ ان بسوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر آر ٹی سی توجہ دے رہی ہے۔ 292 کروڑ روپے کے مصارف سے 10 بس ڈپو تعمیر کرنے حکمت عملی تیار کی ہے اور 10 مقامات پر 100 ایکڑ اراضی مختص کرنے کی حکومت کو تجاویز روانہ کی ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے شہر میں آلودگی پر قابو پانے تمام الیکٹرک بسیس چلانے کی ہدایت دی ہے جس کے پیش نظر تلنگانہ آر ٹی سی سے نئے بس ڈپوز کے قیام پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ شہر میں تقریباً 2800 ڈیزل کی بسیں ہیں۔ حکومت نے پی ایم ای ڈرائیو اسکیم کے تحت 2800 الیکٹرک بسیں تلنگانہ کو مختص کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا تھا جس پر مرکز نے 2000 بسوں کی منظوری دی ہے۔ آر ٹی سی سے مزید 800 بسوں کا انتظام کرنے متبادل طریقوں پر غور کیا جارہا ہے۔ شہر کے 10 مقامات پر نئے 10 ڈپوز قائم کرکے ان میں ایچ ٹی پاور کنکشن حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بسیں شہر میں روزانہ صبح سے شام تک 2 شفٹس میں کام کریں گی۔ لہذا انہیں چارجنگ کیلئے بار بار ڈپو جانے کی ضرورت نہ پڑے اس کیلئے 10 مقامات پر چارجنگ پوائنٹس لگانے کا بھی آر ٹی سی نے فیصلہ کیا ہے۔ ایک چارجنگ پوائنٹ کیلئے تقریباً 2000 مربع فیٹ اراضی کی ضرورت پڑے گی۔ 2