دو روز مشاہدہ کیلئے ٹکٹ کی ابتدائی قیمت 1249 روپئے
حیدرآباد۔15۔نومبر(سیاست نیوز) شہر میں 2023 فروری میں ہونے والی فارمولہ ۔ای ریس سے قبل 19 نومبر کو منعقد ہونے والی ریسنگ لیگ کیلئے ٹکٹس کی فروخت کا آغازہوگیا ہے۔ حسین ساگر کے اطراف دو یوم منعقد ہونے والی اس ریس کے مشاہدہ کیلئے شائقین کو دو یوم کے لئے 1249 روپئے کا ٹکٹ خریدنا ہوگا جو کہ بک مائی ٹکٹ ایپ پر فروخت کیا جا رہاہے ۔ دو یوم کے ٹکٹ کیلئے ابتدائی قیمت 1249 روپئے ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ 11999 روپئے کا ٹکٹ بھی رکھا گیا ہے جو کہ پریمیم ٹکٹ ہے اور اس ٹکٹ کو خریدنے والوں کے لئے شراب اور رات کے کھانے کا انتظام بھی رہے گا۔19 اور 20 نومبر کو حسین ساگر کے اطراف تیار کئے گئے ریسنگ ٹریک پر ہونے والی اس ریس کے مشاہدہ کیلئے اگر کوئی ایک یوم کا ٹکٹ حاصل کرنا چاہتا ہے تو ابتدائی ٹکٹ 749کا رکھا گیا ہے ۔ ریسنگ لیگ حیدرآباد میں منعقد ہوگی جبکہ دیگر شہروں میں بھی اس کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے ۔انڈین ریسنگ لیگ میں جملہ 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ہر ٹیم کے 4 ڈرائیور ہوں گے جن میں 2ہندستانی اور 2بیرونی نژاد ہوں گے جبکہ ہر ٹیم میں ایک خاتون ڈرائیور بھی ہو گی۔ محکمہ بلدی نظم و نسق ‘حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور پدھا پورنیما پراجکٹ اتھاریٹی نے تمام تر انتظامات کرلئے ہیں۔ہفتہ اور اتوار کو منعقد ہو نے والی انڈین ریسنگ لیگ کے ٹکٹس کی فروخت کے آغاز کے ساتھ ہی سینکڑوں ٹکٹس فروخت ہونے کی اطلاع ہے۔ شائقین کار ریسنگ کا کہناہے کہ شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے والی اس’انڈین ریسنگ لیگ ‘ کے بعد فارمولہ ۔ ای ریسنگ عالمی سطح کا پروگرام ہے لیکن 19اور 20 کو منعقدہونے والے ریسنگ کو بھی عالمی معیار سے کم تصور نہیں کیا جاسکتا ۔م