شہر و اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری

   

آئندہ دو دنوں میں شدید بارش کی پیش قیاسی ،13جولائی کیلئے اورینج وارننگ جاری

حیدرآباد ۔12 جولائی ( سیاست نیوز) شہر اور اضلاع میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ایک ہفتہ تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش قیاسی کی ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں صبح سے ہی مطلع ابرآلود رہا جب کہ شام کے وقت بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو رات دیر گئے تک جاری رہا ۔ مسلسل بارش سے کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک میں خلل پڑا ۔ نشیبی علاقوں میں بھی بارش کا پانی داخل ہونے کی اطلاعات ملی ہیں ۔ محکمہ مسمیات نے آئندہ دو دنوں تک مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔شہر کے کئی اہم مقامات خیریت آباد ، امیر پیٹ ، اپل ، سکندرآباد وغیرہ میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ قطب اللہ پور ، سری لنگم پلی ، سرور نگر ، ملکاجگری اور دیگر مقامات پر اوسط بارش کی اطلاع ہے ۔ محکمہ موسمیات نے 12جولائی کیلئے ریڈ وارننگ جاری کی تھی جب کہ 13جولائی کیلئے اورینج وارننگ جاری کی گئی ہے ۔ سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔