شہر و ریاست بھر میں بارش کا سلسلہ جاری

,

   

ایک ہفتے تک ہلکی و تیز بارش جاری رہنے کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔11جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ بھر میں بارش سے موسم تبدیل ہوچکا ہے ۔ اضلاع میں موسلادھار بارش جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ایک ہفتہ میں بارش جاری رہے گی۔ دونوں شہروں میں صبح کی سے مطلع ابر آلود رہا اور گذشتہ شب بادل چھائے رہے ۔ صبح سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ کے مطابق آئندہ تین یوم میں حیدرآباد ‘ سکندرآباد‘ میڑچل‘ نظام آباد‘ کاماریڈی‘ سنگاریڈی ‘ میدک‘جگتیال اور کریم نگر کے علاوہ دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی کہ کئی اضلاع میں شدید بارش 13 جولائی تک ہوسکتی ہے ۔ ان میں عادل آباد ‘ کمارم بھیم ‘ ورنگل ‘ کھمم ‘ نلگنڈہ ‘ نرمل ‘ نظام آباد ‘ محبوب آباد ‘ جنگاوں ‘ سدی پیٹ ‘ آصف آًاد ‘ منچریال ‘ جگتیال ‘ سرسلہ ‘ کریمنگر ‘ پیدا پلی ‘ سوریہ پیٹ ‘ یادادری بھونگیر اور کاماریڈی شامل ہیں۔ شہر میں مسلسل بارش کے بعد بلدیہ عملہ نے فوری ایمرجنسی عملہ کو متحرک کرنے کے علاوہ تمام زونل کمشنران کو ہدایات جاری کی کہ وہ اپنے حدود میں موجود مخدوش عمارتوں کے تخلیہ اور انہدام کو یقینی بنائیں ۔ نشیبی علاقوں پر خصوصی نظر رکھنے ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ موسلا دھار بارش کی صورت میں مسائل سے نمٹنے اقدامات کئے جاسکیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بارش کا سلسلہ آئندہ ہفتہ تک جاری رہنے کی توقع ہے ۔ شہرکے مختلف علاقوں چندرائن گٹہ‘ فلک نما‘ جہاں نما‘کالا پتھر‘ بہادرپورہ‘ کشن باغ‘ حسینی علم‘ نامپلی ‘ ریاست نگر‘ سعید آباد‘ عنبر پیٹ‘ خیریت آباد ‘ سوماجی گوڑہ‘ پنجہ گٹہ‘ راجندر نگر‘ سکندرآباد‘ گچی باؤلی‘ مادھاپور‘ بالا نگر‘ گوتم نگر‘ بوئن پلی اور دیگر علاقوں میں بھی وقفہ وقفہ سے موسلادھار بارش ہوئی ۔ تالاب کٹہ ‘حافظ بابا نگر‘ الجبیل کالونی و جن علاقوں میں سال گذشتہ بارش کے بعد پانی داخل ہوگیا تھا ان پر نظر رکھی جا رہی ہے ۔ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران ہلکی اور تیز بارش کی اطلاع پر حکومت نے شہر کے علاوہ اضلاع میں انتظامیہ اور حکام کو چوکسی اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔