شہر و مضافات میں موسلادھار بارش

,

   

کئی مقامات پر درخت گرگئے ۔ موسی رام باغ برج بندکردیا گیا
آئندہ تین دن تک مزید بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کے علاوہ مضافاتی علاقوں میں شام میں اچانک دو گھنٹوں تک دھواں دھار موسلا دھار بارش ہوئی ہے ۔ جس سے شہر کے مختلف علاقے جھیل میں تبدیل ہوگئے ۔ موسیٰ رام باغ برج کو عوام کے لیے بند کردیا گیا ۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں ٹریفک مسائل پیدا ہوگئے ۔ جی ایچ ایم سی کا ایمرجنسی عملہ پانی کی نکاسی میں اور پولیس کو ٹریفک بحال کرنے میں مصروف دیکھا گیا ۔ کئی علاقوں میں برقی منقطع ہوجانے کی بھی شکایتیں وصول ہوئی ہیں ۔ کئی مقامات پر درخت ٹوٹ کر سڑکوں پر گر گئے ۔ سب سے زیادہ منی کنڈہ میں 88.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جب کہ شیخ پیٹ میں 64.5 ملی میٹر گوتم نگر میں 63.8 ملی میٹر ناچارم میں 60.8 ملی میٹر خواجہ گوڑہ میں 55.3 ملی میٹر آسماں گڑھ میں 46.8 ملی میٹر ٹولی چوکی میں 43.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ موسلا دھار بارش کو دیکھتے ہوئے موسیٰ رام باغ کا برج عوام کے لیے بند کردیا گیا اور ٹریفک کا رخ موڑ گیا ۔ کنگ کوٹھی کے علاقہ میں درخت گرنے کے سبب ٹریفک کا رخ بگل کنٹہ کی سمت موڑ دیا گیا ۔ اس کے علاوہ ہائی ٹیک سٹی ، گچی باولی سے ٹولی چوکی ۔ مہدی پٹنم آنے والی ٹریفک کا بھی رخ موڑ دیا گیا ۔ ٹولی چوکی کے پاس فلائی اوور برج کی تعمیر کے سبب سڑکوں پر گھٹنوں برابر پانی جمع ہوگیا ۔ عنبر پیٹ کے مختلف علاقوں میں بھی زیادہ بارش ہوئی ہے ۔ جی ایچ ایم سی نے عوام کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا اور ساتھ ہی پانی کے جمع ہونے کی صورت میں ایمرجنسی ہیلپ لائن سے رابطہ پیدا کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 29 ستمبر تک بیشتر اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ پرانے شہر کے علاقوں بہادر پورہ ، کشن باغ ، تالاب کٹہ ، حافظ بابا نگر ، بنڈلہ گوڑہ ، عطا پور اور راجندر نگر کے کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک مسائل پیدا ہوئے ۔علاوہ ازیں تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹیڈ نے بارش کے پیش نظر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ برقی ٹرانسفارمرس کے قریب نہ جائیں۔ عوام اس سلسلہ میں احتیاط برتیں۔ ن