حیدرآباد میں فضائی آلودگی جانچ کے اسٹیشن ، سال 2020 میں فضائی آلودگی سے 11 ہزار اموات
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کی فضائی آلودگی کا اب ہر دن حساب رکھا جائے گا ۔ شہر کی بڑھتی فضائی آلودگی اور انسانی زندگیوں پر اس کے خطرناک اثرات تشویش ناک حد تک پہونچ چکے ہیں ۔ تاہم کس علاقوں میں فضائی آلودگی کا فیصد کتنا ہے اور کونسے علاقے بہت زیادہ متاثر ہیں یا پھر متاثر ہورہے ہیں اس کا کوئی حساب نہیں ۔ ایک عالمی ادارے کی تحقیقی رپورٹ کی اجرائی کے بعد پولیوشن کنٹرول بورڈ حرکت میں آگیا ہے اور گریٹر حیدرآباد میں 8 نئے مانیٹرنگ اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ امکان ہے کہ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں ان اسٹیشن کی تعمیر کا آغاز ہوگا اور ایک ماہ کے عرصہ میں ان اسٹیشن کی تکمیل اور کام کا آغاز ہوجائے گا ۔ گرین پیس ایگنشیہ نامی ادارے نے سال 2020 میں حیدرآباد میں ایک رپورٹ جاری کی جس میں فضائی آلودگی سے مرنے کی والوں کی تعداد اس رپورٹ کے مطابق 11 ہزار تھی ۔ حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر شہروں میں حد سے زیادہ مقدار میں فضائی آلودگی پائی جاتی ہے ۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے پولیوشن کنٹرول بورڈ نے فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے رئیل ٹائم ایر کوالیٹی مانیٹرنگ ( آن لائن ) اسٹیشن کو قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پولیوشن کنٹرول بورڈ نے 8 نئے اسٹیشن کی منظوری دے دی ہے ۔ فی اسٹیشن ایک کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا ۔ ان اسٹیشن کے ذریعہ 24 گھنٹے کے لحاظ سے علاقہ کی فضائی آلودگی کی تفصیلات بذریعہ آن لائن فراہم ہوں گی ۔ جس کی مدد سے آلودہ علاقہ کے متعلق عوام کو آگاہ کیا جاسکتا ہے کہ اس علاقہ کی فضائی آلودگی زیادہ ہے اور اس علاقہ میں نقل و حرکت سے احتیاط کا مشورہ دیا جائے گا ۔ شہر حیدرآباد میں ان 8 نئے رئیل ٹائم ایر کوالیٹی مانیٹرنگ اسٹیشن کی تعمیر کے لیے نیشنل کلین ایر پروگرام کے تحت عمل میں لائی جارہی ہے ۔ جس میں آئی آئی ٹی حیدرآباد ( کندی ) کا تعاون حاصل کیا جارہا ہے اور ایک اسٹیشن کندی میں بھی تعمیر ہوگا اور آئندہ اقدامات میں آئی آئی ٹی حیدرآباد کے مشورے بھی حاصل کئے جائیں گے ۔ شہر حیدرآباد میں فی الحال حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی ، صنعت نگر ، بلارم ، زو پارک ، اکریساٹ ، آئی ڈی اے اور دیگر میں 6 آن لائن اسٹیشن پائے جاتے ہیں ۔ جب کہ 8 نئے اسٹیشن آئی آئی ٹی کندی ، خیریت آباد ، آر ٹی اے آفس ملک پیٹ ، ناچارم ، ملاپور ، ای سی آئی ایل چوراستہ ، کومپلی ، نارسنگی ، پٹن چیرو میں قائم کئے جائیں گے ۔۔ ع