حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : شہر میں چرلہ پلی اور چنچل گوڑہ کی جیلوں میں مقید قیدی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے فیس ماسکس کی تیاری اور سپلائی کے کام میں جٹ گئے ہیں ۔ شہر میں واقع ان سنٹرل پریزنس میں ٹیلرنگ سنٹر میں تیار کئے جانے والے کاٹن کے واشیبل فیس ماسکس کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ سنٹرل جیل چرلہ پلی کے سپرنٹنڈنٹ ایم سمپت نے کہا کہ اس جیل میں تقریبا 30 قیدی فیس ماسکس تیار کررہے ہیں ۔ ایک دن میں وہ تقریبا 2000 ماسکس کی سلائی کرتے ہیں ۔ مختلف حکومت کی ایجنسیوں نے 50,000 ماسکس کے لیے انہیں آرڈر دیا ہے ۔ اس جیل سے مختلف محکمہ جات کو تقریبا 5000 ماسکس سربراہ کئے جاچکے ہیں اور مابقی آرڈرس کی تکمیل کے لیے کام کیا جارہا ہے ۔ چنچل گوڑہ جیل میں بھی اسی طرح کی صورتحال ہے ۔ جہاں قیدی مختلف محکمہ جات اور دیگر خانگی کمپنیوں کے لیے ڈیمانڈ پر ماسکس تیار کررہے ہیں ۔ چنچل گوِڑہ جیل کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ماسک کے ایک سنگل پیس کی قیمت 16 روپئے ہے اور اسے ایک ، دو یا تین پرتوں میں بنایا جاتا ہے جن کا انحصار ڈیمانڈ پر ہوتا ہے ۔ حکومت کے محکمہ جات میں سب سے زیادہ آرڈرس محکمہ جات پولیس اور ہیلت کی جانب سے دئیے جارہے ہیں ۔ کئی خانگی فرمس بشمول آئی ٹی کمپنیاں بھی آرڈرس دے رہی ہیں ۔ اس عہدیدار نے کہا کہ جیل ڈپارٹمنٹ نے ماضی میں کبھی بھی فیس ماسک نہیں بنایا اور اس کی اس قدر بڑے پیمانے پر تیاری کے بارے میں کبھی خیال نہیں کیا تھا ۔ ’ ہماری جانب سے مختلف فرمس کو چند سو فیس ماسک سربراہ کرنے کے بعد اچانک اس کی سربراہی کے لیے آرڈرس میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ اب ٹیلرنگ سیکشن کے قیدی دن تمام ماسکس بنانے میں مصروف ہیں ۔ انہیں ان کے کام کے لیے اجرت دی جاتی ہے جسے پریزن اتھارٹیز کے پاس مینٹن کیے جانے والے اکاونٹس میں جمع کیا جاتا ہے ‘ ۔۔