حیدرآباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی قائد وجئے شانتی نے کل کہا کہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے کی وجہ ہوئے حالیہ سڑک حادثات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاستی حکومت عوام کی زندگیوں کے تئیں کتنی سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں صورتحال کچھ اس طرح ہے کہ ’ اس بات کا یقین نہیں ہے کہ سڑکوں پر سفر کرنے والے لوگ زندہ گھر واپس ہوں گے ‘ ۔ حیدرآباد کی سڑکوں پر سفر کرنا لوگوں کے لیے ایک عذاب جیسا ہے ۔ لوگ حالت نشہ میں گاڑی چلاتے ہوئے لوگوں کو ہلاک کررہے ہیں جب کہ ریاستی حکومت ان حادثات کے تدارک کے لیے کچھ بھی نہیں کررہی ہے ۔ فلمی اداکارہ سے سیاست داں بن جانے والی وجئے شانتی نے کہا کہ گنڈی پیٹ ، نارسنگی ، مادھا پور اور بنجارہ ہلز میں پیش آئے حادثات میں چار لوگ ہلاک ہوگئے جب کہ دیگر کئی زخمی ہوگئے ۔ یہ دیکھا گیا کہ ان حادثات کے لیے ذمہ دار اشخاص حالت نشہ میں تھے ۔ جب کبھی حادثات ہوتے ہیں تو عہدیدار چند دن کے لیے حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے خصوصی مہم چلاتے ہیں اور بعد میں اسے بھول جاتے ہیں ۔ وجئے شانتی نے کہا کہ حادثات کے لیے ذمہ دار اشخاص ضمانت پر باہر آجاتے ہیں اور کہا کہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے پر پیش آئے حادثات میں تقریبا 800 لوگ ہلاک ہوگئے ۔۔