شہر کی سڑکوں کی مرمت و درستگی کا آغاز

   

موسم گرما کے آغاز سے قبل سڑکوں کو مسطح کرنے کا نشانہ، جی ایچ ایم سی و محکمہ آبرسانی کا اقدام

حیدرآباد۔10فروری(سیاست نیوز) شہریان حیدرآباد کو آئندہ چند ماہ کے بعد اہم سڑکوں پر گڑھوں سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ جی ایچ ایم سی اور محکمہ آبرسانی نے مین ہولس کے ڈھکن کو سڑک سے مسطح کرنے کا عمل شروع کردیا ہے ۔شہر حیدرآباد کی سڑکوں کو گڑھوں سے پاک بنانے کے سلسلہ میں تعمیری کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے اور شہر کی اہم سڑکوں پر موجود مین ہولس کو سڑک کے برابر کرنے کے اقدامات شروع کئے جا چکے ہیں۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کی اہم سڑکوں پر مین ہول کو سڑک سے مسطح کرنے کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور محکمہ آبرسانی کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جارہاہے اور اہم سڑکوں پر رات کے اوقات میں تعمیری کاموں کی شروعات کی جاچکی ہے اور کہا جار ہاہے کہ موسم گرما کے احتتام سے قبل شہر میں زائد از 9ہزار مین ہولس کو سڑکو ں سے مسطح کیا جائے گا اور جو مین ہولس کا کام باقی رہ جائے گا اسے مانسون کے بعد کئے جانے والے مرمتی کاموں کے درمیان مکمل کیا جایئے گا اور اس مقصد کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور محکمہ آبرسانی کی جانب سے خاطر خواہ بجٹ کی اجرائی عمل میں لائی جاچکی ہے ۔کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور نے گذشتہ شب پنجہ گٹہ کے علاقہ میں جاری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کے علاوہ کنٹراکٹرس کو اس بات کی ہدایت جاری کی کہ وہ ان تعمیراتی کاموں میں کوئی مفاہمت نہ کریں بلکہ وہ مین ہولس کو مسطح کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کیلئے معیاری تعمیری اشیاء کا استعمال یقینی بنائیں اور اگر کوئی شکایات موصول ہوتی ہیں تو ایسی صورت میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے سخت کاروائی کی جائے گی کیونکہ جی ایچ ایم سی اور محکمہ آبرسانی نے کافی غور و خوص کے بعد یہ منصوبہ تیار کیا ہے اگر منصوبہ کے مطابق کام انجام نہیںدیا جاتا ہے اور کام چلاؤ کام کا طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں کنٹراکٹرس کے علاوہ متعلقہ عہدیداروں کے خلاف بھی کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔کمشنر جی ایچ ایم سی کی جانب سے دئیے گئے انتباہ کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں اب مین ہول کے سڑکو ںکے مسطح ہونے کے بعد ان کے ٹوٹ جانے یا ان میں خرابی کی شکایات کم موصول ہوں گی ۔