ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے پولیس اور آر ٹی سی کے اقدامات
حیدرآباد۔23۔ڈسمبر(سیاست نیوز) انفارمیشن ٹکنالوجی کے مرکز حیدرآباد میں واقع گچی باؤلی ‘ مادھاپور‘ مدینہ گوڑہ ‘ مائنڈ اسپیس کے علاوہ دیگر علاقوں میں ٹریفک کے مسائل کو کم کرنے کے لئے ٹریفک پولیس اور آرٹی سی انتظامیہ نے طویل مشاور ت کے بعد دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے مختلف علاقوں سے انفارمیشن ٹکنالوجی کے مراکز تک راست بس خدمات کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے اور اب شہر کے مختلف علاقوں سے گچی باؤلی ‘ مائنڈ اسپیس‘ مادھاپور‘ مدینہ گوڑہ ودیگر علاقوں کے لئے ایک سے زائد بسوں کو تبدیل کرنا نہیں پڑے گا۔ انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کی سہولت اور انہیں ٹریفک جام کے مسائل سے محفوظ رکھنے کے لئے کئے جانے والے اس اقدام کے متعلق آئی ٹی کمپنیوں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیاگیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ دونوں شہروں سے شروع کی جانے والی یہ بس خدمات شہر کے بیشتر مرکزی علاقوں کا احاطہ کرتے ہوئے آئی ٹی کے مرکز تک پہنچیں گی۔ ذرائع کے مطابق ایل بی نگر ‘ حیات نگر اور دلسکھ نگر کے علاقوں سے شروع کی جانے والی ان بس خدمات کا آغاز فوری ہوگا اور اس نئی روٹ کے آغاز کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جاچکی ہے۔ ایل بی نگر ‘ حیات نگر اور دلسکھ نگر سے شروع کی جانے والی ان بس خدمات کا نمبر 156/316اور 300/316 ہوگا اور بس نمبر 156/316 ایل بی نگر سے شروع ہوگی جو کہ کوٹھی ‘ مہدی پٹنم ‘ نارسنگی ‘ کوکاپیٹ‘ کانٹینینٹل سرکل‘ آئی سی آئی سی آئی سے ہوتے ہوئے گچی باؤلی تک پہنچے گی۔اس کے علاوہ 300/316 بس خدمات حیات نگر سے شروع ہوں گی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے مرکز تک کے لئے شروع کی جانے والی اس نئی بس خدمات کے اوقات کار صبح 6بجے تا 12 بجے شب تک رہیں گی۔ بتایاجاتا ہے کہ اگر یہ بس خدمات شروع ہوتی ہیں اور آئی ٹی ملازمین ان خدمات سے استفادہ حاصل کرنے لگتے ہیںتو ایسی صورت میں اس مصروف ترین راستہ پر ٹووہیلر اور 4وہیلر گاڑیوں کے ذریعہ سفر کرنے والوں کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جائے گی اور بس خدمات سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔شہر کے کئی علاقوں سے راست بس خدمات ان علاقوں کے لئے نہ ہونے کے سبب آئی ٹی ملازمین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا اور وہ اپنی خانگی گاڑیوں کے استعمال کو ترجیح دے رہے تھے۔3
