لندن : برطانوی شہزادہ ولیم پر مبینہ طور پر یہ الزام عائد ہوا ہے کہ اْنہوں نے اخبار مالکان سے فون ہیکنگ کے معاملے کو نمٹانے کے لیے خطیر رقم وصول کی۔یہ بات شہزادہ ہیری کی جانب سے اخبار مالکان کے خلاف غیر قانونی طریقے سے معلومات جمع کرنے پر مقدمہ کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔رپورٹس کے مطابق، شہزادہ ہیری کے وکیل کی جانب سے ہائی کورٹ میں’نیوز گروپ نیوز پیپرز ‘ کے خلاف قانونی کارروائی کے دوران پیش کی گئی دستاویزات میں 2020ء میں اخبار مالکان کی جانب سے کی گئی اس ادائیگی کا انکشاف ہوا ہے لیکن ان دستاویزات میں یہ نہیں بتایا گیا کہ شہزادہ ولیم کو تاریخی دعوؤں کے تصفیہ کے لیے جملہ کتنی رقم ادا کی گئی۔شہزادہ ہیری کے ایک گواہ کے بیان کے مطابق، اخبار کے مالکان نے شاہی خاندان کے افراد کی جانب سے کیے گئے قانونی دعوؤں کو ختم کرنے کے لیے بکنگھم پیلس کے حکّام کے ساتھ ایک ’خفیہ معاہدہ‘ کیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پرنس آف ویلز کے ترجمان نے مذکورہ قانونی کارروائی پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ہیری کے وکلاء کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ معاہدے کی وجہ سے اپنا کیس عدالت میں لانے کیلئے لیے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، جس کی تفصیلات عدالت میں ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔