شہنشاہ شاہجہاں کی 366ویں عرس تقاریب کا آغاز

   

تاج محل کی مفت سیر، شاہجہاں و ممتازمحل کی اصل قبور کی زیارت کا موقع

آگرہ: مغل بادشاہ شاہجہاں کا 366 واں سالانہ عرس تاج محل میں چہارشنبہ سے شروع ہو گیا۔ سہ روزہ عرس کے موقع پر سیاحوں کو تہہ خانہ میں واقع شاہجہاں اور ممتاز محل کی اصل قبروں کی زیارت کا موقع فراہم ہوگا۔ عرس کے موقع پر یہ عالمی شہرت یافتہ عمارت جمعہ کے روز بھی کھلی رہے گی۔خیال رہے کہ بادشاہ شاہجہاں کا عرس اسلامی کلینڈر کے ماہ رجب کی 25، 26 اور 27 تاریخ کو منایا جاتا ہے۔ اس مرتبہ یہ تاریخیں 10 مارچ سے 12 مارچ تک ہیں۔ عرس کے موقع پر یہاں آنے والے کسی سیاح کو ٹکٹ خریدنے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑے گی۔ ہندوستانی آثار قدیمہ نے عرس کے دوران تاج محل کے مفت دیدار کے حوالہ سے احکامات پہلے ہی جاری کر دیئے تھے۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے منگل کو عرس تقاریب کو اجازت فراہم کر دی گئی، اس کے بعد یہاں عرس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔ دراصل گزشتہ سال کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے سالانہ عرس منانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ عرس میں لوگوں کی توجہ کا مرکز تہہ خانہ میں واقع شاہجہاں اور ممتاز کی اصل قبریں ہوتی ہیں، انہیں سال میں صرف عرس کے موقع پر ہی عام لوگوں کی زیارت کے لیے کھولا جاتا ہے۔جمعہ کے موقع پر ہفتہ وار چھٹی کی وجہ سے تاج محل بند رہتا ہے، لیکن عرس کے آخری دن جمعہ کے روز بھی یہ کھلا رہے گا۔ اے ڈی ایم سٹی ڈاکٹر پربھاکانت اوستھی نے بتایا کہ شاہجہاں کے عرس کے لیے اجازت فراہم کر دی گئی ہے۔ پولیس اور انتظامی افسران کو فرائض پر مامور کر دیا گیا ہے۔ عرس کے دوران کورونا وائرس کے پیش نظر نافذ کیے گئے تمام ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔