یروشلم: غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 17 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ پر اسرائیلی حملے اور بمباری 2 ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری ہے، اس دوران مختصر وقت کیلئے جنگ بندی ہوئی ، تاہم اس دوران بھی دیگر علاقوں میں اسرائیلی فوجیوں کی کارروائیاں جاری رہیں جبکہ جنگ بندی کے بعد قابض اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر دہشت گردی شروع کردی ہے۔اسرائیل کی جانب سے 7 اکتوبر سے جاری جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 17 ہزار سے متجاوز ہو گئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی دہشت گردی میں 17 ہزار 177 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں صرف بچوں کی تعداد 7 ہزار 112 ہے جبکہ شہدا میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔صہیونی فوج کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے حملوں میں مزید 350 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ 2 ماہ سے زائد عرصے سے جاری حملوں کے دوران زخمیوں کی تعداد تقریباً 50 ہزار ہو چکی ہے جبکہ 7600 سے زیادہ افراد لاپتہ ہیں، جن کے حوالے سے خدشات ہیں کہ وہ تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔