شیخ حسینہ نے اپنے وزیر کے علاج کیلئے ہندوستانی ڈاکٹر کو طلب کیا

   

ڈھاکہ ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ نے اپنے ایک سینئر کابینی وزیر کے علاج کیلئے ہندوستان کے ایک ماہر قلب ڈاکٹر کی خدمات حاصل کی ہیں۔ شیخ حسینہ نے بنگلور کے رہنے والے ڈاکٹر دیوی شیٹی کو اتوار کے روز فون کیا اور درخواست کی کہ موصوف فوری طور پر ڈھاکہ آ کر علیل وزیر کا علاج کریں جن کا نام عبیدالقادر بتایا گیا ہے اور جن کے پاس روڈ، ٹرانسپورٹ اور برج کا قلمدان ہے۔ انہیں بنگا بندھو شیخ مجیب میڈیکل یونیورسٹی کے آئی سی یو میں شریک کیا گیا ہے جہاں ان کی رونری شریانوں میں تین بلاکیجس بتائے گئے ہیں۔ ڈاکٹر دیوی شیٹی جو نارائنا گروپ آف ہاسپٹلس کے صدرنشین بھی ہیں، پیر کی دوپہر ڈھاکہ پہنچے جہاں سے وہ راست طور پر بنگابندھو ہاسپٹل چلے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر عبیدالقادر کی حالت تشویشناک ہے اور اگر انہیں (وزیر) فوری طور پر سنگاپور منتقل کردیا جائے تو ان کا بہتر علاج ہوسکتا ہے۔