شیر کی موجودگی موضع میں خود کار کرفیو

   

حیدرآباد۔ 19فروری (یو این آئی) تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کے بھیم پور منڈل کے بعض مواضعات میں لوگوں میں خوف پایا جاتا ہے ۔یہ خوف شیر کا ہے جس کو ایک خاتون نے کپڑے دھونے کے دوران پین گنگادریا کے قریب دیکھا۔اس خاتون نے گاوں والوں کو اس بات کی اطلاع دی جنہوں نے اپنے مکانات کے دروزے بند کردیئے تاکہ خود کا تحفظ کیاجاسکے ۔یہ شیر گاوں کے پرائمری اسکول کے قریب بھی نظر آیا جس پر اساتذہ نے بچوں کو کلاس روم میں بند کردیا۔لاٹھیوں سے مسلح گاوں والے اس مقام تک پہنچے جہاں شیر نظرآیا تھا تاکہ اس کو جنگل کی سمت بھگایاجاسکے ۔پین گنگا دریا، مہاراشٹراورتلنگانہ کی سرحد پر واقع ہے ۔محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کے مطابق یہ شیر تپیشور وائلڈ لائف سینکچیوری مہاراشٹرسے آیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پانچ گائیوں پر اس شیر نے حملہ کیا ہے ۔گاوں والوں کا کہنا ہے کہ وہ کافی مایوس ہیں اور شیر کے خوف سے اپنے مکانات سے نہیں نکل پارہے ہیں۔مقامی افراد کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران شیر کئی مواضعات میں نظر آیاجس کے بعد ان افراد نے خود کاکرفیو نافذ کردیااورگاوں کے باہر جانے سے گریز کرنے لگے ۔ بالخصوص رات کے اوقات میں گاوں سے باہر نکلنا خوف میں مبتلا کرنے لگا۔