بھینسہ کے کوبیر منڈل میں شیر سے تحفظ کیلئے شعور بیداری پروگرام
بھینسہ : بھینسہ ڈیویژن کوبیر منڈل چاتا موضع میں دو دن قبل شیر کے حملے میں ایک گائے ہلاک ہوگئی جس کی تصدیق محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو شیر کے پیروں کے نشانوں سے ہوئی جس کے پیش نظر محکمہ جنگلات کے عہدیداروں جن میں ڈی ایف او وکاس مینا ، ایف ڈی او سدھارتھ وکرم سنگھ ، رینج آفیسر راتھوڑ رمیش اور ڈپٹی رینج آفیسر محمد عرفان الدین و دیگر نے موضع چاتا پہنچکر عوام میں شعور بیدار کرتے ہوئے کہا کہ شیر کے شکار اور قتل پر قانونی سزا اور سات سال کی جیل ہوسکتی ہے اس لئے شیر کا شکار اور قتل کے ارادے سے کسان اپنے کھیتوں میں برقی تار اور جال(پھندا) نہ لگائے کیونکہ یہ بھی قانونً شیر کے قتل کے مترادف ہے انھوں نے کہا کہ شیر ہمارا قومی جانور ہے اسکا تحفظ ہر ایک کی ذمہ داری ہے اس لئے محکمہ جنگلات کی جانب سے بھینسہ فاریسٹ رینج میں شیر کی حمل و نقل کا مشاہدہ کرنے کیلئے چوبیس کیمرے نصب کئے گئے عنقریب مزید دس کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔اس لئے عوام اور زرعی افراد اس ضمن میں محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کا مکمل تعاون کریں اور اپنے کھیتوں میں جانے کے دوران شور و پْکار کریں تاکہ شیر موجود ہوتو انسان کی چیخ و پْکار سے جنگل میں چلے جائیںاور انسانوں پر حملہ نہ کرسکے اس موقع پر مذکورہ عہدیداروں نے ہلاک ہونے والی گائے کے مالک کو معاوضہ فراہم کر نے کا تیقن دیا۔