ممبئی۔ ٹی وی اداکارہ تیونشا شرما کی خودکشی کے معاملے میں گرفتار اس کے بوائے فرینڈ اور ساتھی اداکار شیزان خان کو 2 مہینے کے بعد ضمانت ملی اور آج شیزان خان تھانے جیل سے باہرآگیا۔ جیل کے باہر شیزان خان کی والدہ اور اس کی اداکار بہنوں فلک ناز اور شفق ناز نے جیل کی گیٹ سے نکلنے کے ساتھ ہی باری باری سے گلے لگایا۔ اس موقع پر جیل کے سامنے جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ میڈیا کی کثیر تعداد بھی جیل کے باہر موجود تھی۔واضح رہے کہ شیزان خان پر تیونشا شرما کو خودکشی کے لئے اْکسانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ہفتہ کو ممبئی کے قریب وسائی کی ایک مقامی عدالت نے ضمانت دے دی تھی۔تیونشا (20 سالہ) نے 24 دسمبر 2022 کو پالگھر ضلع کے وسائی کے نائگون میں علی بابا: داستان ۔کابل کے سیٹ کے میک اپ روم میں خودکشی کرلی تھی جس کے بعد اس کے سابق بوائے فرینڈ شیزان (27 سالہ) کو24 دسمر 2022 کوگرفتارکیا گیا تھا۔ایڈیشنل سیشن جج وسائی کورٹ آر ڈی دیش پانڈے نے شیزان کو 1,00,000 روپے کی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔