شیشہ و تیشہ

   

انورؔ مسعود
اندھیر گردی
کچھ نہ پوچھو اُداس ہے کتنا
کتنا سہما ہوا سا رہتا ہے
دل پہ سایہ ہے لوڈ شیڈنگ کا
’’شام ہی سے بْجھا سا رہتا ہے‘‘
……………………………
محمد شفیع مرزا انجم
غزل (طنز و مزاح)
راہ چلتے ہوئے طوفان بھی آجاتے ہیں
حسن ظاہر ہو تو شیطان بھی آجاتے ہیں
بُھولے بھٹکے ہوئے انسان بھی آجاتے ہیں
بن بلائے ہوئے مہمان بھی آجاتے ہیں
نوکری کرنے کی عادت نہیں ہوتی جنکو
ایسے داماد کو پکوان بھی آجاتے ہیں
دورِ حاضر میں امیروں کے وزیروں کیلئے
پیٹ بھرلینے کے سامان بھی آجاتے ہیں
کھڑکیوں پر جو لگاکر نہیں رکھتے پردے
جھانکنے کے لئے شیطان بھی آجاتے ہیں
دھوپ پردیس کی ارمان جلادیتی ہے
ہوکے کچھ لوگ پریشان بھی آجاتے ہیں
بدگمانوں سے ہی اخلاص فنا ہوتا ہے
بیٹھے بیٹھے کبھی بہتان بھی آجاتے ہیں
صرف معمولی سا بیمار نظر آتے ہی
مشورے دینے کو لقمان بھی آجاتے ہیں
یہ کسی چاہنے والے سے سبق ملتا ہے
خاموشی میں کبھی دربان بھی آجاتے ہیں
شادیاں کورٹ کی ناکام ہوئی جاتی ہیں
روز اخبار میں اعلان بھی آجاتے ہیں
خود سے ہوجاتا ہوں انجمؔ میں بہت شرمندہ
یاد اُس شخص کے احسان بھی آجاتے ہیں
…………………………
میرا دیش بدل رہا ہے !
ٹیچر ( اپنے ہونہار طالب علم سے ) : 2+2 کتنے ہوتے ہیں ؟ طالب علم : 9.50
ٹیچر : حقیقت میں یہ کیسے ممکن ہوسکتا ہے ؟
طالب علم : 2+2=4 + ویاٹ + سرویس ٹیکس + اعلیٰ تعلیم سیس + سوچھ بھارت سیس + کرشی کلیان سیس وغیرہ سب ملاکر 9.50 ہوتے ہیں …!!
ذہین و ہونہار طالب کا یہ جواب سن کر ٹیچر غش کھاکر گر پڑی اور طالب علم نے کہا ’’میرا دیش بدل رہا ہے ! آگے بڑھ رہا ہے ‘‘
محمد حاجی ۔ حیدرآباد
…………………………
ایک طریقہ …!!
٭ میں بس میں بیٹھا روانگی کا انتظار کررہا تھا کہ ایک آدمی کھڑکی کے پاس آکر بڑی آہستگی سے بولا بابو بھوک لگی ہے کچھ مہربانی کردو …!!
مجھے اسکی شکل کچھ جانی پہچانی سی لگی۔ غور سے دیکھا تو میں حیران ہو کر اُس سے پوچھ بیٹھا تم وہی تو نہیں ہو جس نے وہ کتاب لکھی تھی
’’پیسے کمانے کے سو آسان طریقے…؟‘‘
اُس نے میرے قریب آکر سرگوشی کی ’’بالکل صحیح پہچانا…!‘‘
میں نے کہا پھر تم اس حال میں …؟
اُس نے کہا : ’’اُن سو طریقوں میں سے ایک طریقہ یہ بھی ہے…!!‘‘۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
مذاق کی عادت …!؟
شوہر (بیوی سے ) : تمہاری امی کی مذاق کرنے کی عادت نہیں گئی …!؟
بیوی : کیا کہہ دیا امی نے …!؟
شوہر : آج مجھ سے پوچھ رہی تھیں کہ میری بیٹی سے شادی کرکے خوش تو ہونا …!؟
سید شمس الدین مغربی ۔ ریڈہلز
…………………………
پریشانیاں …!
٭ میاں بیوی نماز پڑھ رہے تھے ، نماز کے بعد شوہر نے دعا مانگی یا اﷲ ! اس رمضان میں میری ساری پریشانیاں دور کردے ۔ بیوی بولی آمین ۔ شوہر پلٹ کر دیکھا تو بیوی غائب ہوگئی …!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………
فلموں کے نام …!
٭ اگر کوئی ڈاکٹر فلم بناتا تو چند مشہور فلموں کے نام شائد اس طرح ہوتے :
’’کبھی کھانسی کبھی زکام ‘‘
’’کہو نا بخار ہے ‘‘ … ’’ٹی بی نمبر 1‘‘
’’ہم خون دے چکے صنم ‘‘
’’بچنا اے مریضو ‘‘
’’تم مریض میں نرس ‘‘ وغیرہ وغیرہ
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر ۔ سکندرآباد
…………………………