شیشہ و تیشہ

   

دلاور فِگار ؔ
فقط … !!
گرانی، مفلسی، بے روزگاری، قحط، بیماری
یہ فتنے کیا ہماری موت کا کاشن نہیں دیتے
مگر یہ خوش بیاں لیڈر، یہ ناکارہ سیاست داں
فقط بھاشن دیئے جاتے ہیں اور راشن نہیں دیتے
…………………………
آج موسموں کی تبدیلی اور درجہ حرارت میں اضافے کو لیکر کانفرنسیں ہورہی ہیں لیکن گرمی ہر دور میں ہوتی رہی ہے اور جب تک سورج چمکتا رہے گا ہوتی رہے گی ۔ یہ تو آپ جانتے ہی ہیں کہ شاعر بہت زیادہ حساس ہوتا ہے۔ چنانچہ شاعر سیاست جناب شاہد صدیقی مرحوم سے جب گرمی زیادہ برداشت نہ ہوسکی تو انھوں نے پنکھے کے نیچے بیٹھ کر ایک مختصر سی آزاد نظم کہہ دی۔ اُن کا خیال تھا کہ جو حضرات اس نظم کو دن میں اکیس (۲۱) دفعہ پڑھیں گے، انھیں گرمی بہت کم محسوس ہوگی۔ پھر ایک بار سیاست کے قارئین کیلئے قند مکرر کے طورپر یہ نظم پیش کی جارہی ہے ملاحظہ فرمائیے۔ عنوان ہے:
گرمی اور وغیرہ!
ہم نشیں موسم گرما کے مصائب مت پوچھ
آہ کرتے ہیں تو دوزخ کی ہوا آتی ہے!
کس جگہ جائیں کہاں بیٹھ کے فریاد کریں
اب تو جو چیز ہے، وہ آگ بنی جاتی ہے!
کوئی لسی میں مگن ہے کوئی فالودے میں
اور کہیں آب خشک
باعث فرحتِ ارباب دِل و جاں ٹھہرا
ایسے موسم میں ہے لوگوں کو وغیرہ کی تلاش
برف مل جائے کہیں سے تو بڑا کام چلے
باہر آجاتی ہیں کتوں کی زبانیں منھ سے
اور انسان یہ کہتا ہے زباں داں ہوں میں
ہے پسینہ کا یہ عالم کہ الٰہی توبہ!
نل میں پانی نہیں اور غسل کئے بیٹھے ہیں
آسماں آگ، زمیں آگ،
مکانات بھی آگ
عشق بھی آگ ہے اور
عشق کے جذبات بھی آگ
روح کو فکر کہ شربت بن جائے
جسم بے چارہ! پسینے کی روانی مانگے
شہر میں بھیڑ سی ہے، اہل طلب کی ہر سمت
جس کو کھانے پہ بلاؤ وہی پانی مانگے!
سوچتے رہتے ہیں گرمی سے پریشاں ہوکر
کبھی اوٹی، کبھی کشمیر، مگر جائیں گے
اور اسی فکر میں آتی ہے یہ دِل سے آواز
واں بھی گر چین نہ پایا تو کدھر جائیں گے
مرسلہ : عبداللہ محمد عبداللہ
…………………………
معصوم بچپن …!!
٭ ہمارا بچپن بھی کتنا معصوم سا تھا نہ 3G اور 4G ہوتا تھا صرف اُستاد G اور ابا G ہوتے تھے ، ایک ہی تھپڑ میں نیٹ ورک آجاتا تھا …!!
سید شمس الدین مغربی ۔ ریڈہلز
…………………………
دوستانہ مشورے
٭ اگر بچہ بستر پر سے گرتا ہے تواسے اونچی جگہ سلائیں تاکہ گرنے کی آواز صاف سنائی دے۔
٭ اگر کچن کو ڈرائنگ روم کی طرح صاف رکھنا چاہتے ہیں تو کھانا مت پکائیں ! ہوٹل سے منگاکر کھائیں ۔
٭ پیاز کاٹنے میں آنکھوں سے آنسو بہتے ہیں تو ہمیشہ شوہر سے جھگڑا کرکے پیاز کاٹیں۔ اسے کہتے ہیں ایک تیر سے دوشکار ۔
٭ نیا مکان بنانا ہو تو تعمیر پہلے اوپر کی منزل سے شروع کریں ۔ خرچ کم آئیگا!!
٭ ہری مرچ کترنے سے ہاتھ جلتے ہیں تو یہ کام ساس سے کروائیں۔
اعظم علی خان ۔ اولڈ ملک پیٹ
…………………………
تمہارے لئے !!
٭ دلہن کو شادی کے تحفہ میں کلر ٹی وی دیتے ہوئے خالہ جان نے کہا ’’دیکھو بیٹی ! یہ کلر ٹی وی تمہارے شوہر کے لئے ہے اور یہ ریموٹ کنٹرول تمہارے لئے ‘‘۔
ڈاکٹر قیسی قمر نگری ۔ کرنول
…………………………