شیشہ و تیشہ

   

انور مسعود
ترکی بہ ترکی
اپنی زوجہ سے کہا اِک مولوی نے نیک بخت
تیری تْربت پہ لکھیں تحریر کس مفہوم کی
اہلیہ بولی عبارت سب سے موزوں ہے یہی
دفن ہے بیوہ یہاں پر مولوی مرحوم کی
…………………………
یاور علی محورؔ
غزل (طنزیہ)
ہے وہ مشہور سہو کاروں میں
زندگی کٹ گئی اُدھاروں میں
قرضِ حسنیٰ کے نام پر لے لو
بھیک ملتی نہیں ہزاروں میں
جو کماتا ہے مال رشوت کا
وہ اُڑاتا ہے یار باروں میں
چھت بنانے کا حوصلہ نہ ہوا
قوم تو بٹ گئی دیواروں میں
کر رہا مرد مرد سے شادی
رشتے بھی چل رہے خساروں میں
خود کو کچھ تیس مار خاں سمجھ بیٹھا
مل گئی لفٹ اے سی کاروں میں
گھاس بیوی اگر نہیں ڈالے
مرد وہ ہوگیا بے چاروں میں
خوب لپٹا ہوا ہے گھوڑے سے
وہ بھی شامل ہے شہ سواروں میں
آدمی بن گیا ہے پھر وحشی
جیسے وہ جی رہا ہے غاروں میں
گفتگو تلخ نہ ہوجائے کہیں
بات محورؔ کرو اشاروں میں
…………………………
کیا کہتے ہیں …!؟
٭ جو شوہر رات کو جلدی سوجائے اُسے ’’سیاں‘‘ کہتے ہیں۔
٭ جو شوہر رات کو پی کر آئے اُسے ’’پیا‘‘ کہتے ہیں۔
٭ جو بیوی دن بھر سج دھج کر شوہر کا انتظار کرے اُسے ’’سجنا ‘‘ کہتے ہیں۔
٭ جن شوہروں کی آنکھیں بیوی کے ڈر سے نم رہتی ہیں اُسے ’’صنم ‘‘ کہتے ہیں۔
٭ جو شوہر رات کو جلدی سوجائے اُسے ’’سیاں‘‘ کہتے ہیں۔
٭ جو بیوی کی بیلن کی مار سے ماں ماں چلائے اُسے ’’بلما‘‘ کہتے ہیں۔
٭ جسے دیکھ کر بانہوں میں بھرلینے کا دل کرے اُسے ’’دلبر‘‘ کہتے ہیں۔
٭ جس شوہر کا ہنس ہنس کر ہینڈ بجایا جائے اُسے ’’ہسبنڈ ‘‘ کہتے ہیں۔
٭ جو بیوی بائیں ہاتھ سے کھانا پکائے اُس کو ’’ٹونٹی‘‘ کہتے ہیں۔
محمد جمیل الرحمن ۔ نیا ملک پیٹ
…………………………
وقت بدل گیا …!!
دیہاتی اسٹیشن ماسٹر سے : بابو تین بجے والی گاڑی کب آئے گی …!؟
اسٹیشن ماسٹر (مسکراتے ہوئے ) : دو بج کر ساٹھ منٹ پر …!
دیہاتی : میں پہلے ہی سمجھ گیا تھا کہ گاڑی کا وقت بدل گیا ہوگا …!!
خورشید جہاں بیگم ۔ عادل آباد
…………………………
مشورہ …!!
٭ آپ کا اگر BP کم ہوگیا ہو تو بیوی سے بات کریں اور اگر BP بڑھ گیا ہو تو پڑوسن سے بات کریں …!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………
کب سے دیکھ رہی ہوں …!!
شوہر (غصہ سے ) : یہ کیسی دال پکائی ہے ؟ نہ نمک نہ مرچ ! سارا دن موبائیل میں لگی رہتی ہو ، کچھ پتہ ہی نہیں چلتا کیا ڈالنا ہے کیا نہیں !؟
بیوی : پہلے آپ موبائیل سائیڈ پر رکھ کر کھانا کھائیے ، کب سے دیکھ رہی ہوں پانی میں ڈبو ڈبو کر روٹی کھارہے ہیں …!!
سید شمس الدین مغربی ۔ ریڈہلز
…………………………
کمپیوٹر انجینئر …!!
٭ ایک لڑکے نے ایک کمپیوٹر انجینئر فیلڈ کی لڑکی کو چھیڑ دیا۔ تو اس نے اپنا غصہ اُس لڑکے پر کچھ اس انداز میں نکالا …!!
پین ڈرائیو کے ڈھکن، پیدائشی ایرر، وائرس کے بچے، ایکسل کی کرپٹ فائیل، اگر ایک کلک مارونگی تو زمین سے ڈیلیٹ ہوکر قبر میں انسٹال ہو جائے گا۔سمجھا…!!
محمد امتیاز علی نصرتؔ ۔ پداپلی
…………………………