شیشہ و تیشہ

   

دلاور فگارؔ
عجیب و غریب بیوی…!
بیوی سے ایک شوہر ناکام نے کہا
ہم ہر معاملے میں بڑے بدنصیب ہیں
ہم نے غریب جان کے مانگا تھا آپ کو
یہ کیا خبر تھی آپ عجیب و غریب ہیں
…………………………
فرید سحرؔ
غزل ( طنز و مزاح ) …!!
(روح غالب سے معذرت کے ساتھ)
چائے والے تُجھے ہوا کیا ہے
دُور بیوی سے بھاگتا کیا ہے
تُجھ کو سر پر بٹھایا جنتا نے
خون جنتا کا چُوستا کیا ہے
ہے مسیحا تُو ڈاکٹر تو پھر
یہ مریضوں کو لُوٹنا کیا ہے
لُوٹ مار اور ستمگری کے سوا
آج اخبار میں چھپا کیا ہے
سب مرے بن گئے ہیں اب دُشمن
سچ میں اُگلوں تو پھر بُرا کیا ہے
بھینی بھینی ہے کیسی خُوشبو یہ
آج گھر میں ترے پکا کیا ہے
سارے اشعار ہیں مرے بوگس
شاعری میں مری رکھا کیا ہے
روز ہوتی ہے کِرکِری اُن سے
میری قسمت میں یہ لکھا کیا ہے
قوم و ملت کا درد ہے دل میں
دردِ دل کی مرے دوا کیا ہے
تُم نہیں ڈرتے اپنی بیوی سے؟
گھر کو پھر جلد لوٹنا کیا ہے
خُود ترے گھر میں ہیں سحرؔ لفڑے
گھر میں اوروں کے جھانکتا کیا ہے
…………………………
دلچسپ جوابات
٭ کیا بازار میں درد دل کی دوا ملتی ہے ؟
# نہیں نیا دل ضرور مل جاتا ہے !
٭ کیا دیواروں کے بھی کان ہوتے ہیں ؟
# نہیں ! پڑوسیوں کے کان ضرور دیوار کے ساتھ لگے ہوتے ہیں !
٭ اگر عقل بازار میں ملنے لگے ؟
# تو لوگ اس پر ’’میڈ اِن امریکہ‘‘ کی مہر ضرور دیکھیں گے ۔
٭ صورت اور سیرت میں کون سی چیز اہم ہے ؟
# جہیز صورت اور سیرت کو نمایاں کردیتا ہے !
٭ عورت کا اصل روپ کب سامنے آتا ہے ؟ # میک اپ اُترجانے کے بعد !
مبشر سید ۔ چنچل گوڑہ
………………………
ماں باپ …!!
٭ دو دوست ایک ہوٹل میں گئے تو پہلے دوست نے کہا : ’’تم میری ماں بن جاؤ اور اپنے ہاتھ سے مجھے تمام چیزیں ڈال کر کھلاتے جاؤ …!!‘‘
جب دونوں پیٹ بھر کر کھاکر اُٹھنے لگے تو دوسرا دوست بولا : ’’اب تم میرے باپ بن جاؤ اور اس ہوٹل کا بل ادا کردو …!!‘‘
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………
شعر گوئی پر پابندی
٭ لالہ نانک چند نازؔ کو شاعری کا بڑا شوق تھا جبکہ وہ شاعری کی ابجد سے بھی واقف نہ تھے ۔ ایک بار احباب کے منع کرنے کے باوجود اپنا کلام چھپوایا اور تبصرے کے لئے استاد شاعر حضرت میلارام وفاؔ کو پیش کیا ۔ پنڈت وفاؔ نے اس پر یوں تبصرہ کیا ؎
’’ کتابت اچھی نہیں ہے مگر کلام سے بہتر ہے ، اِسے پڑھنے پر پتہ چلا کہ تعزیرات ہند میں ایسی کوئی دفعہ نہیں ہے جس کے ذریعہ شعر گوئی پر پابندی لگائی جاسکے ‘‘۔
تسنیم وحید خان ۔ مراد نگر
……………………………
موبائیل نمبر !
٭ ایک نئے شادی شدہ شوہر نے اپنی بیوی کا موبائیل نمبر اس نام سے محفوظ کیا
’’میری زندگی ‘‘
ایک سال گذرنے کے بعد اُس نے اس طرح تبدیل کیا ’’میری بیوی ‘‘
دو سال گذرنے کے بعد اُس نے اس طرح تبدیل کیا ’’گھر ‘‘
پانچ سال گذرنے کے بعد اُس نے اس طرح تبدیل کیا ’’ہٹلر‘‘
دس سال گذرنے کے بعد اُس نے اس طرح تبدیل کیا ’’رانگ نمبر ‘‘
سلطان قمرالدین خسرو ۔ مہدی پٹنم
…………………………