طالب خوندمیری
نیا سال!
آنا تھا جسے ، وہ تو بہرحال آیا
اندیشے کئی دِل میں نئے ڈال آیا
ارزانیاں پہلے ہی سے پژمردہ تھیں
مہنگائیاں خوش ہیں کہ نیا سال آیا
…………………………
پاپولر میرٹھی
سال بھر بعد !!
چھ مہینے میں ہی یہ حال کیا بیوی نے
سال بھر بعد تو شاید کبھی خوابوں میں ملیں
اس طرح رکھتی ہے وہ ہم کو دبا کر گھر میں
جس طرح سوکھے ہوئے پھول کتابوں میں ملیں
…………………………
فرید سحرؔ
’’ سال نو آیا ‘‘
خضاب سر کو لگاؤ کہ سال نو آیا
نظر جوان بھی آؤ کہ سال نو آیا
ہے لیڈروں سے گذارش ہماری اتنی ہی
حلال روزی کماؤ کہ سال نو آیا
کرو بھی نیکیاں لاحول بھیجو شیطاں پر
مناؤ رب کو مناؤ کہ سال نو آیا
سنائیں آکے جہاں اپنی ہی غزل شاعر
اک ایسی بزم سجاؤ کہ سال نو آیا
برا ہے عشق کا چکر جہاں میں ائے لوگو
مت اس میں عمر کھپاؤ کہ سال نو آیا
کھلا رہے ہو زمانے سے دال روٹی ہی
پر اب چکن تو کھلاؤ کہ سال نو آیا
پڑھو گے تم بھی سحرؔ کب تلک پرانی غزل
نیا کلام سناؤ کہ سال نو آیا
…………………………
فرح بھٹو
(خیالی پلاؤ)’’نیا سال آنے کو ہے‘‘
ڈھل جائیگی ظلمت کی رات نیا سال آنے کو ہے
کرو نہ اب دکھ کی کوئی بات نیا سال آنے کو ہے
شہید کی ماں نے اپنے آنسو پونچھ کر یہ کہا
بلند ہیں ہمارے جذبات نیا سال آنے کو ہے
ہوگی سال نو کی صبح اجلی اجلی روشن روشن
حسین ہوں گے سب لمحات نیا سال آنے کو ہے
میری دھرتی سیراب ہوگی سکھ کے ساون سے
خوشیوں کی ہوگی برسات نیا سال آنے کو ہے
بچھڑے ملیں گے آخر بھولے بھی گھر لوٹیں گے
پھر ہوگا ہاتھوں میں ہاتھ نیا سال آنے کو ہے
کئی معصوم آنکھوں نے سہانے خواب دیکھے ہیں
تعبیر ان کی لائے گا ساتھ نیا سال آنے کو ہے
اداس چہروں پر ہنسی کھلکھلائے گی
دیکھ لینا یہ کرامات نیا سال آنے کو ہے
وطن پر جان دیتے ہیں ہم وفادار اتنے ہیں
بدل ڈالیں گے یہ حالات نیا سال آنے کو ہے
زندگی کی بساط پر لینی ہمیں بازی فرحؔ
دینی ہے شر کو مات نیا سال آنے کو ہے
…………………………
محمد نواز
سنا ہے کل سے نیا سال ہو گا
خیمہ زن جب تیرا جمال ہو گا
ہر کلی میں یہی سوال ہو گا
آپ نے جس سے محبت کی ہے
وہ شخص کتنا باکمال ہو گا
گئے لمحات کو سوچا نہ کرو
تیرے ماضی میں میرا حال ہو گا
جب بھی شکوہ زبان پر آیا
عشق کا بس وہیں زوال ہو گا
سوکھی ٹہنی کو دیکھ کر سوچا
تیرے بن کیا ہر کا حال ہو گا
اک برس اور تیرے بن بیتا
سنا ہے کل سے نیا سال ہو گا
…………………………
اُسے نہیں !
بیوی : ( شوہر سے ) سنئے ! تمہارے دوست نے گھر کے کام کاج کے لئے جو نئی ملازمہ بھیجی تھی اُس کو آج میں نے چلتا کردیا۔
شوہر : اُس بیچاری کو کارگزاری دکھانے کا موقع دیئے بغیر ہی ۔
بیوی : اُسے نہیں ، تمہیں کارگزاری کا موقع دیئے بغیر !!
رؤف الدین ۔ ملک پیٹ
……………………………
پھر تو آپ !!
منیجر : دیکھو ہمیں ایسا چوکیدار چاہئے جو صحتمند ہو چست ہو ، ہوشیار ہو اور ضرورت پڑنے پر ہاتھا پائی بھی کرسکے تم کسی کو جانتے ہو ؟
آنے والا شخص ۔ پھر تو آپ میری بیوی کو رکھ لیجئے !۔
ڈاکٹر وثیق الرحمن فاروق ۔ قاضی پورہ
…………………………