پاپولر میرٹھی
نازک دل !
میں ہوں جس حال میں اے میرے صنم رہنے دے
تیغ مت دے میرے ہاتھوں میں قلم رہنے دے
میں تو شاعر ہوں مرا دل ہے بہت ہی نازک
میں پٹاخے سے ہی مر جاؤں گا بم رہنے دے
…………………………
محمد ایوب خان جھاپڑؔ
مزاحیہ غزل
کیا کہیں کیا جناب کی عادت
لگ گئی ہے شراب کی عادت
شوہروں کو ذرا نہیں بھاتی
بیگموں کے حساب کی عادت
نظرِ بد سے بچا کے رکھتی ہے
لڑکیوں کو حجاب کی عادت
آدمی کو جوان رکھتی ہے
رنگ و روغن خضاب کی عادت
بن گیا وہ تو ٹاپ کا لیڈر
وہ جسے تھی خطاب کی عادت
نسلِ نو کو خراب کر بیٹھی
فلمی حسن و شباب کی عادت
عمرِ انساں کو کھاتی جاتی ہے
پان بیڑی شراب کی عادت
آپ جھاپڑؔ بدل نہیں سکتے
دل خانہ خراب کی عادت
…………………………
بعض دلچسپ نکات
٭ یہ دنیا گول ہے ؟
# کیا یہ گول پھرانے والی بات تو نہیں !
٭ اگردنیا کے سارے ممالک مقروض ہیں اور امریکہ بھی مقروض ہے تو پھر ساری دولت کہاں جارہی ہے ؟
# یہ ایک افسوسناک بات ہے !
٭ جب کتے کی غذا کا ذائقہ تبدیل کرکے بنایا جاتا ہے تو اسے چکھتا کون ہے ؟
یہ ایک قابل غور بات ضرور ہے !
٭ تاریکی کی رفتار کیا ہے ؟
بے معنی سوال ہے ۔
٭ کیا آپ پانی میں روسکتے ہیں ؟
کوشش کرکے دیکھتے ہیں ۔
٭ مصروف آدمی سے کیوں کہا جاتا ہے کہ آپ کتے کی طرح کام کررہے ہیں جبکہ کتا دن بھر بیٹھا رہتا ہے ؟
شاید کہنے والے کا مطلب کچھ اور ہوتا ہے
ام صُہیب احمد ۔ عیدی بازار
…………………………
غلط فہمی !!
بیوی : سنیئے کل رات نیند میں آپ مجھے برا بھلا کہہ رہے تھے ؟
شوہر : کون کمبخت سورہا تھا ؟
اعظم علی خان ۔ اولڈ ملک پیٹ
…………………………
سکون کی ضرورت !!
ڈاکٹر : آپ کے شوہر کو مکمل سکون کی ضرورت ہے ۔ یہ لو نیند کی گولیاں !!
بیوی : ’’ڈاکٹر صاحب یہ میں انہیں کس وقت دوں؟!!‘‘
ڈاکٹر : ’’یہ انہیں نہیں آپ کو کھانی ہے !!‘‘
سلمہ محمد ۔ بارکس
…………………………
گھر والے …!
٭ بوائے فرینڈ گرل فرینڈ سے : گھر والے ہماری شادی کو قبول نہیں کریں گے ۔
گرل فرینڈ : تمہارے گھر میں کون کون رہتے ہیں …!؟
بوائے فرینڈ : ایک بیوی اور تین بچے ۔
ایم اے وحید رومانی ۔ نظام آباد
…………………………
آدھے گھنٹے سے …!
٭ انتظار میں کھڑے ایک صاحب فون بوتھ کے اندر کھڑے دوسرے صاحب سے بولے …
’’معاف کیجئے گا آپ آدھے گھنٹے سے فون ہاتھ میں لیے کھڑے ہیں اور بولا آپ نے ایک لفظ بھی نہیں …؟؟‘‘
دوسرے صاحب نے نہایت استقلال و عاجزی سے کہا : ’’میں اپنی بیوی سے بات کررہا ہوں …!!‘‘
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
غلطی …!!
٭ اپنی غلطی پہ ہنسے تو زندگی لمبی ہوتی ہے اور بیوی کی غلطی پہ ہنسے تو زندگی چھوٹی ہوتی ہے …!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………