انورؔ مسعود
افسر اپنے نائب سے …!
تیری کوتاہی سے شاید بچ گیا ہو کوئی ایک
ورنہ جو کاغذ بھی ہے انبارِ خاکستر میں ہے
لا اِدھر جلدی اسے بھی داخلِ دفتر کروں
پیش کر غافل کوئی فائل اگر دفتر میں ہے
……………………………
مرزا اٹکلی
مزاحیہ غزل
داؤد میاں ہمارا جانی میاں ہمارا
پاکٹ میں نوٹ ہیں تو سارا جہاں ہمارا
روشن کرے گا اک دن نام و نشاں ہمارا
ہِپّی بنا ہوا ہے بیٹا جواں ہمارا
ٹھوکر لگی تو دیکھو اوندھا گِرا ہوا ہے
کمزور ہوگیا ہے کُچھ پہلواں ہمارا
جب سے ہُوا ہے اُن کی محفل میں آنا جانا
دشمن بنا ہوا ہے سارا جہاں ہمارا
معلوم کیا کسی کو ہوتی ہے کیا سیاست
آج اک بیاں ہمارا کل اک بیاں ہمارا
باوا کو اپنے باوا کہنا ہی یاں پڑیگا
لندن نہیں ہے مرزاؔ ہندوستاں ہمار
…………………………
بعض دلچسپ نکات
٭ کیا مچھلی کو بھی پیاس لگتی ہے ؟
پوچھ کے بتاؤں گا۔
٭ چڑیاں رات بھر درختوں پر رہتی ہیں لیکن گرتی کیوں نہیں ؟
یہ آج رات بھر مشاہدہ کرکے بتاؤں گا۔
٭ موٹر کار میں اسپیڈو میٹر پر 130 کیلومیٹر تک ہوتا ہے جبکہ یہ رفتار کسی کے بس میں نہیں ؟
احمق ہے ۔ قانون کی خلاف ورزی کی ۔
٭ سنتے ہیں کہ شاعری الہامی ہوتی ہے اور یہ قدرت کی عطا ہے تو پھر شاعری میں استادی ، شاگردی کا رواج کیوں ہے ؟
کسی شاعر سے پوچھ کر بتاؤں گا۔
ام صُہیب احمد ۔ عیدی بازار
…………………………
واحد حل …!!
٭ کل میرا ایک دوست وکیل کو بتا رہا تھا کہ سر میری شادی کو 17 سال ہوگئے ہیں۔ میرا بیوی سے جب بھی جھگڑا ہوتا ہے، وہ اپنے بھائیوں کو بلا لیتی ہے۔اس کے بھائی دہلی سے بذریعہ جہاز آتے ہیں، اور میری دھلائی کرکے جہاز میں ہی واپس چلے جاتے ہیں۔ میری بیوی جہاز کا ٹکٹ بھی میرے کارڈ سے ادا کرتی ہے۔
پلیز…! میری مدد کریں…!!
وکیل: اس مسئلہ کا واحد حل یہ ہے کہ آپ دہلی شفٹ ہوجائیں تاکہ آپ کی بیوی کے بھائیوں کو یہاں آنے کی نوبت نہ رہے اور آپ کا جہاز کا کرایہ تو بچے …!!
ابن القمرین ۔مکتھل
…………………………
کس سے ملوں گے …!؟
٭ ایک مریض جس کی حالت بہت ہی نازک تھی اُس سے ڈاکٹر نے کہا : میاں تمہاری حالت بہت ہی خطرناک ہے زندگی کا اب کوئی بھروسہ نہیں تم اب اپنے خاص لوگوں سے آخری ملاقات کرسکتے ہو ۔ بولو کس سے ملو گے ۔
مریض : آپ سے بھی زیادہ کوئی قابل ڈاکٹر سے ۔
شعیب علی فیصل ۔ محبوب نگر
…………………………
اسپیلنگ …!!
٭ ایک بزرگ لڑکی سے ٹکرا گئے اور بولے: Oh Sorry
لڑکی: اندھا ہے کیا، دیکھتا نہیں…!؟
لڑکی جیسے ہی آگے بڑھی ایک ہینڈسم لڑکا ٹکراگیا، اور بولا: Oh Sorry
لڑکی بولی: Its Ok
بزرگ لڑکی سے: میری ”Sorry” کی اسپیلنگ غلط تھی کیا؟۔
محمد امتیاز علی نصرت ۔ پداپلی
…………………………
مجھ کو نہیں …!!
شوہر ( اپنی بیوی سے ) بیگم تم جب دیکھو جب اپنی پڑوسن سے کیوں جھگڑا کرتی رہتی ہو ، وہ ہماری کتنی اچھی پڑوسن ہے تم کو اُس سے ملکر اچھے دوستانہ تعلقات بنانا چاہئے کیونکہ اُس پڑوسن سے کبھی بھی کچھ کام پڑ سکتا ہے …!
بیوی نے غصے سے کہا …!! ہاں ! ہاں … ! میں اچھی طرح سے جانتی ہوں … ! مجھے نہیں البتہ آپ کو کبھی بھی اُس پڑوسن سے کام پڑ سکتا ہے ۔
سالم جابری ۔ آرمور
…………………………