شیشہ و تیشہ

   

انور مسعود
لا اَدریّت …!!
مرے ہم فکر ہیں خیام جیسے
مری یہ بات جذباتی نہیں ہے
سمجھ میں ایک شے آئی ہے انورؔ
سمجھ میں کوئی شے آتی نہیں ہے
…………………………
فرید سحرؔ
حالت … !!
ہمارے دیش کی حالت بہت ہی ابتر ہے
چلانے والا حُکومت بھی گویا جوکر ہے
بہت امیر یہاں کا ہر ایک لیڈر ہے
مگر عوام کی حالت بہت ہی بدتر ہے
ہر ایک شخص سمجھتا ہے خود کو برتر ہے
بتائیں کیسے کہ یہ تو یہاں کا کلچر ہے
وہ جس پہ کیس کئی درج ہوں عدالت میں
بنایا جاتا اُسی کو تو اب منسٹر ہے
کمی بھی کوئی نہیں اب یہاں نحوسوں کی
امیر شہر ہی سب سے بڑا دلدر ہے
کبھی جو لیٹ میں لوٹوں مکان کو یارو
ہر اک نوالے میں آتا ضرور کنکر ہے
زمین سیٹھوں کی زرخیز اور اچھی ہے
مگر زمین ہماری ہی دیکھو بنجر ہے
سلام کرنے لگے لوگ مُجھ کو آفس میں
جو بن کے سالا مرا آیا اب کلکٹر ہے
ستم تو ہوتا ہے بس بیویوں پہ آج بہت
مگر سمجھتا ہی مظلوم خود کو شوہر ہے
سبھی کو لگتی ہے مُشکل زبان انگریزی
ادق بھی اُردو کی لیکن سحرؔ گرامر ہے
…………………………
صفائی کی ضرورت نہیں …!!
جج : تم پر الزام ہے کہ تم نے 33 سال سے اپنی بیوی کو ڈرا دھمکاکر اپنے کنٹرول میں رکھا …!!
شوہر : لیکن سر …!!
جج : مجھے تمہاری صفائی کی ضرورت نہیں ہے ! طریقہ بتاؤ طریقہ …!!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………
مرغا …!!
ٹیچر : کل اگر ہوم ورک نہیں کیا تو مرغا بناؤں گی …!؟
اسٹوڈنٹ : ٹھیک ہے ٹیچر نان اور کوک میں لے آؤں گا …!!
سید شمس الدین مغربی ۔ ریڈہلز
…………………………
سوچ بدلو …!!
٭ شادی میں جوتوں کی جگہ دولہے کا موبائیل چھپاؤ …!
پانچ ہزار کیا پچاس ہزار بھی دے گا …!
سوچ بدلو … آمدنی بڑھاؤ !!
نجیب احمد نجیب ۔ حیدرآباد
…………………………
دو کام کیا کرو …!!
٭ مالک نوکر سے بولا تم بہت سست آدمی ہو ، ہر کام ادھوارا ہی انجام دیتے ہو ؟ پورا کام کیا کرو بلکہ ایک کے بجائے دو دو کام کیا کرو…! ۔ نوکر بڑی عاجزی سے کہا ضرور جناب …!!
اتفاق سے ایک دن اچانک مالک بیمار ہوگیا اس نے کہا جلدی سے ڈاکٹر صاحب کو بلاؤ ! نوکر چلا گیا اور کچھ دیر بعد ڈاکٹر صاحب کو لیکر آیا ساتھ میں سفید کپڑے کا ایک پیاکٹ بھی لایا ۔ مالک نے حیرت سے پوچھا یہ کیا ہے… !؟
نوکر نے بڑی سنجیدگی سے جواب دیا : ’’سرکار…! آپ کی نصیحت کے مطابق ڈاکٹر صاحب کے علاوہ ایک پیاکٹ کفن کا کپڑا بھی ساتھ لے آیا ہوں …!!‘‘
محمد شمس اللہ شمس ۔ ملک پیٹ
…………………………
معاف کردوں …!؟
بیوی : کہاں ہیں آپ …!؟
شوہر : ایکسیڈنٹ ہوگیا ہے ، بائیک سے گرگیا ہوں ، ٹانگ ٹوٹ گئی ہے …!!
بیوی : اچھا ، لنچ باکس سیدھا رکھیئے گا ورنہ سالن گر جائے گا …!
شوہر : اگر دوران آپریشن مجھے کچھ ہوجائے تو تم اسی ڈاکٹر سے شادی کرلینا …!!
بیوی : ایسا کیوں بول رہے ہو …؟
شوہر : تو کیا میں ڈاکٹر کو معاف کردوں …!!
اختر عبدالجلیل نازؔ ۔ محبوب نگر
…………………………