میر کا مصرع…!!
وہ آئے بزم میں اتنا تو میرؔ نے دیکھا
پھر اس کے بعد، چراغوں میں روشنی نہ رہی
انورؔ مسعود
نظامِ برق …!!
ہر ایک عہد میں زندہ ہے میرؔ کا مصرع
کسی سے اس کی صداقت ڈھکی چھپی نہ رہی
نظام برق لیا واپڈا نے ہاتھوں میں
پھر اس کے بعد چراغوں میں روشنی نہ رہی
پاپولرؔ میرٹھی
چراغوں میں روشنی …!!
بسوں میں بکتی ہوئی شے خرید مت لینا
کہیں یہ سوچتے رہ جاؤ زندگی نہ رہی
بس ایک بار ان آنکھوں میں سرمہ ڈالا تھا
پھر اس کے بعد چراغوں میں روشنی نہ رہی
شجاع عاطفؔ
بے خودی …!!
وہ آئے بزم میں اتنا تو پیر نے دیکھا
پھر اُس کے بعد مریدوں میں بے خودی نہ رہی
ہوئی ہے جب سے تنومند یار سے شادی
تو میرے دل میں وہ پہلی سی بزدلی نہ رہی
…………………………
نجیب احمد نجیبؔ
ہو تم …!!
گناہگار بھی ہو اور سیہ کار ہو تم
وفا کے چاک گریباں کا تار تار ہو تم
تمہارے سامنے چوروں نے لوٹ لی دنیا
مجھے بتاؤ ذرا کیسے چوکیدار ہو تم
یہ بات طئے کہ ہو مہمان چند دنوں کے لئے
پھر اُس کے بعد سے عبرت کا شاہکار ہو تم
تمہارے کون سے وعدے کا اعتبار کریں ؟
کہ سر سے پاؤں تلک جھوٹ کی پکار ہو تم
ذرا جو دور سے دیکھو تو سر بسر شبنم
جو چھوکے دیکھو تو بجلی کا ایک تار ہو تم
…………………………
گالی کسے کہتے ہیں …!؟
٭ انتہائی غصے کی حالت میں جسمانی طور پر تشدد کرنے کے بجائے زبانی طور سے کی جانے والی پرتشدد لفظی کارروائی کے لئے منتخب الفاظ غلیظہ، انداز بسیطہ، لہجئہ کریہہ اور اثرات سفیہہ کے مجموعے کا استعمال جس کی ادائیگی کے بعد اطمینان وسکون کی ناقابل بیان کیفیت سے قلب بہرہ ور ہو جاتا ہے، اور اس طرح مقابل جسمانی تشدد کی بہ نسبت زیادہ مجروح اور شکستہ ہو جاتا ہے،اسے ’’گالی‘‘ کہتے ہیں۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
اپوزیشن …!!
٭ ساس نے نئی نویلی دلہن کو سمجھاتے ہوئے کہا : ’’دیکھو بہو ! میں اس گھر کی وزیراعظم ہوں ، تمہارے سسر وزیر داخلہ ہیں ، تمہارا شوہر یعنی کہ میرا بیٹا وزیر فراہمی ضروریات ہے ، تمہاری نند یعنی میری بیٹی وزیر منصوبہ ہے…! یہ بتاؤ ’’تم کونسا محکمہ لوگی‘‘۔
بہو: ’’ماں جی میں تو اپوزیشن میں رہوں گی اور آپ کی حکومت نہیں چلنے دوں گی ‘‘۔
محمد اختر عبدالجلیل ۔محبوب نگر
…………………………
وقت ضائع …!!
لڑکی (دادی سے ) : دادی ! آپ کے زمانے میں دس دس بچے کیسے ہوتے تھے …!؟ اس زمانے میں دو چار بچے نہیں ہوتے …!؟
دادی : ہم پوری رات فیس بک اور انسٹاگرام پر وقت ضائع نہیں کرتے تھے !!
سید شمس الدین مغربی ۔ ریڈہلز
…………………………
ایسا کیسا …!!
بیوی ( اپنے پروفیسر شوہر سے ) آپ کو دوکان سے دیا سلائی لانے کو کہی تھی ، آپ جو لائے چار چھ دیا سلائی جلائی ایک بھی نہیں جلی…!؟
پروفیسر شوہر : ایسا کیسے ہوسکتا ہے میں تو دیا سلائی کی ڈبیہ کے سارے کاڑیاں چک کرکے تو لایا تھا …!!
محمد فصیح الدین ۔ کاماریڈی
…………………………
امریکہ کا باپ …!!
٭ ایک شخص نے اپنے بیٹے کا نام امریکہ رکھا تو لوگوں نے وجہہ پوچھی تو بولا : ’’میں دنیا کو یہ بتلانا چاہتا ہوں کہ میں امریکہ کا باپ ہوں …!!‘‘
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………