عبدالباری چکر ؔ نظام آبادی
جدید فیشن
شارٹ لینت پوشاک میں بچوں کو اکڑتے دیکھا
ان کی پتلون کو کمر سے سرکتے دیکھا
بے حیائی کا یہ فیشن عجب ہے چکرؔ
چیز چھپنے کی جو ہے اِس کو نکلتے دیکھا
…………………………
سید ضمیر جعفری
دو بہروں کی ملاقات
اُس نے کہا آداب کرتا ہوں ، کہو کیا حال ہے
اِس نے کہا تھیلے میں دو رومال ایک تھال ہے
اُس نے کہا انسان میں کچھ ذوق ہمدردی بھی ہے
اِس نے کہا ہم کیا کریں کھانسی بھی ہے سردی بھی ہے
اُس نے کہا منجھلے چچا کیا اب بھی ہیں ملتان میں
اِس نے کہا کچھ درد سا رہتا ہے بائیں کان میں
اُس نے کہا بیمار ہے بیگم گزشتہ رات سے
اِس نے کہا اچھی کہی دل خوش ہوا اس بات سے
مرسلہ : تسنیم وحید خان
……………………………
دوسری شادی …!!
٭ امام مسجد نے اعلان کیا کہ جس شخص کی بیوی فجر کی نماز کے لئے اپنے شوہر کو نہیں جگاتی وہ بندہ فوراً دوسری شادی کرلے ۔ سارے اخراجات مسجد کی انتظامیہ برداشت کرے گی …!!
اگلی صبح فجر کے وقت مسجد میں عید سے بھی بڑا اجتماع تھا …!!
نجیب احمد نجیب ۔ حیدرآباد
…………………………
’’پسند ‘‘
٭ سیالکوٹ کے مشاعرے میں اسٹیج پر شاعروں کی خاصی بڑی تعداد موجود تھی ۔ مشاعرہ ختم ہوا تو لوگ اسٹیج سے اترکر قریب ہی رکھے جوتوں میں سے اپنے اپنے جوتے نکال کر پہننے لگے ، جو آپس میں خاصے گڈمڈ ہوچکے تھے ۔ طفیلؔ ہوشیارپوری کو اپنے جوتے ڈھونڈنے میں خاصی دشواری درپیش تھی ۔ وہ بار بار بہت سے جوتوں کو اُلٹ پلٹ کر دیکھ رہے تھے کہ پاس کھڑے ایک نوجوان شاعر کی رگِ ظرافت پھڑکی ۔ اس نے پوچھا :
’’طفیلؔ صاحب ! آپ جوتا تلاش کررہے ہیں یا پسند کررہے ہیں ؟‘‘۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
برجستہ !!
٭ عرش ملسیانی کسی اسکول میں ٹیچر تھے ۔ ایک دن موسم خوشگوار تھا ۔ ہیڈماسٹر ہانڈہ صاحب نے آدھے دن سے چھٹی کردی مگر مدرسین کو میٹنگ کے لئے روک لیا ۔ عرش صاحب ایک کونے میں اداس بیٹھ گئے ۔ ساتھی ٹیچر نے اداسی کی وجہ پوچھی تو انھوں نے یہ شعر پڑھا ؎
تمنا تھی کہ گھر جاکر پڑیں گے حلوے مانڈے پر
مگر افسوس صدافسوس اس کم بخت ہانڈے پر
عبدالوحید خان ۔ مردانگر
…………………………
ہم مرگئے تھے …!!
٭ ایک مرغی نے بطخ کے ساتھ شادی کرلی۔
مرغا بولا : ہم مرگئے تھے کیا …!؟
مرغی : نہیں ! میں تو تم سے شادی کرنا چاہتی تھی مگر امی اور ابو کی خواہش تھی کہ لڑکا نیوی (NAVY )میں ہو …!!
اختر عبدالجلیل نازؔ ۔ محبوب نگر
…………………………
چائنا کی ایجاد …!!
٭ مجھے لگتا ہے کہ یہ جو I Love You ہے یہ چائنا کی ایجاد ہے ۔
نہ اس کی Warranty ہے …!
نہ اس کی Guarantee ہے …!
چلے تو چاند تک ، ورنہ شام تک …!!
سید شمس الدین مغربی ۔ ریڈہلز
…………………………
کب سے جانتے ہو!!
٭ اک لڑکی نے اپنے نئے بوائے فرینڈ سے کہا ’’کیا تم واقعی مجھ سے شادی کرنا چاہتے ہو؟ حالانکہ تین دن پہلے سے ہی تو تم مجھے جانتے ہو‘‘
بوائے فرینڈ نے جواب دیا ’’نہیں میں اس سے بہت پہلے سے تمہیں جانتا ہوں!! میں اس بینک میں تین سال سے کام کررہا ہوں جہاں تمہارے والد صاحب کا اکاؤنٹ ہے‘‘۔
رشید شوقؔ ۔ بانسواڑہ
…………………………