انورؔ مسعود
کلرک شاعر
کام کی کثرت سے گھبرایا تو اُس کے ذہن میں
کروٹیں لینے لگی ہیں شاعری کی مُمکِنات
اِک ذرا سی میز پر ہیں فائلوں کے چار ڈھیر
فاعلاتن، فاعلاتن، فاعلاتن، فاعلات
……………………………
فریدسحرؔ
کاروبار چلے …!!
دُعا ہے دوستو ہر سُو ہوائے پیار چلے
مگر رقیب کے پیچھے فقط بُخار چلے
ہے میری آرزو میرا ہی کاروبار چلے
کلام میرا ہی محفل میں بار بار چلے
میں اک وزیر ہوں جنتا سے مُجھ کو کیا لینا
خوشی کا میرے محل ہی میں آبشار چلے
وہ چاہتی ہے کہ اُس کی ہی بات سُن کے چلوں
مجھے بھی ضد ہے کہ میرا ہی اختیار چلے
دیوالہ ہوتے ہی سب ہوگئے رفو چکر
میں جب امیر تھا سب ساتھ میرے یار چلے
خوشی سے قلب پہ حملہ کہیں نہ ہو جائے
ہمارے گھر میں اگر موسم بہار چلے
ہمیں بھی لوگ سمجھنے لگے ہیں اب ہیرو
ہرن سیاہ جو کرنے کو ہم شکار چلے
ہمیشہ رہتی ہے سر پر ہمارے ہیلمٹ ہی
ہمارے سر پہ نہ بیلن کا کوئی وار چلے
بگڑکے روٹھ کے جاتے ہو کیوں سحرؔ صاحب
‘‘چلے بھی آؤ کہ گُلشن کا کاروبار چلے ’’
…………………………
ایک عورت …!
بیوی (شوہر سے ) : تم اتنی محنت کرتے ہو اتنا پیسہ کماتے ہوئے آخر یہ سارا پیسہ تم کہاں لُٹا رہے ہو ! نہ مجھے شاپنگ کراتے ہو نہ گھر ہے ، نہ گاڑی ہے ، نہ تفریح ہے ہمیشہ قلاش رہتے ہو … !؟
شوہر : معموم آواز میں ’’ایک عورت ہے !‘‘
بیوی : طیش میں کون عورت ہے جس پر تم سارا پیسہ لُٹا رہے ہو ؟ شوہر : وہ ہماری فینانس منسٹر ہے ، ہماری ساری کمائی ٹیکس کی شکل میں کھینچ لے رہی ہے …!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………
بہتر ہے …!!
٭ بچہ کافی دیر سے رو رہا تھا ، بالآخر شوہر نے بیوی سے کہا : ’’تم اسے لوری دے کر سُلا کیوں نہیں دیتیں …؟
بیوی بولی : لوری دے کر سلانے لگی تھی کہ پڑوس سے آواز آئی ’’بہتر ہے کہ بچے کو ہی رونے دو …!!‘‘
نجیب احمد نجیبؔ۔ حیدرآباد
…………………………
بتایا کیوں نہیں …!!
بیوی : تم نے شادی سے پہلے کیوں نہیں بتایا کہ تم غریب ہو …!؟
شوہر : ہزار بار بتایا تھا کہ تمہارے علاوہ میرے پاس کچھ نہیں ہے ۔ تم یہ بات سن کر پاگلوں کی طرح ہنسنے لگتی تھی …!!
اختر عبدالجلیل نازؔ ۔ محبوب نگر
…………………………
تاج محل کہاں ہے …!؟
ٹیچر: تاج محل کہاں ہے …!؟
اسٹوڈنٹس: یک زبان ہوکر آگرہ میں…!
ٹیچر: غلط تاج محل بیجاپور میں ہے…!
اسٹوڈنٹس حیران و پریشان گھر لوٹے والدین کو سارا قصہ سنایا اگلے دن سب والدین اسکول پہنچ گئے اور پرنسپل کو بولا کہ ٹیچر بچوں کو غلط سبق پڑھاتی ہے…!
پرنسپل:پہلی بات تو یہ ہے کہ آپ کے بچوں کی جنوری،فروری کی فیس باقی ہے پہلے فیس جمع کرادیں …! فیس جمع نہ ہونے تک تاج محل بیجاپور میں ہی رہے گا …!!
سید ذکی العیدروس ۔بیجاپور
…………………………
آپ بتائے تھے …!؟
٭ بیوی: کیوں جی، آپ سگریٹ پیتے سو شادی سے پہلے کائیکو نہیں بتائے…!؟
دھو کہ ہو گیا نا ہمارے ساتھ…!
شوہر: ادے… ایسا نکو بولو… آپ خون پیتے سو…، دماغ کھاتے سو … بتائے تھے کیا…!؟”
محمد امتیاز علی نصرت ۔ پداپلی
…………………………
آسان طریقہ
استاد : وہ کون سا طریقہ ہے جس سے سوال جلدی حل ہوجاتا ہے ۔ ظہیر تم بتاؤ ؟
ظہیر : جناب نقل کرنے سے۔
عائشہ وھلان ۔ نہدی نگر
…………………………