شیشہ و تیشہ

   

پاپولر میرٹھی
احساس کا کانٹا!
ایکسرے دیکھ کے بے ساختہ سرجن نے کہا
تیرے بھیجے میں بھی احساس کا کانٹا نکلا
حسن والوں نے کیا ہے بہت جم کے پتھراؤ
’’تیرے سر میں تو بہت کام رفو کا نکلا‘‘
………………………
اقبال شانہ ؔ
بارش
رات بھر بھیگتی رہی بارش
صبح بیمار ہوگئی بارش
میرے گھر میں ٹپک ٹپک کے مری
خیریت پوچھتی رہی بارش
میرے سر پر جناب اولوں کی
سر منڈھایا تو ہوگئی بارش
ہورہی ہے کبھی کبھی یارو
لگ رہی ہے اُدھار کی بارش
زُلف کی ڈال کر گھٹا مجھ پر
اُس نے کردی ہے پیار کی بارش
اک چھتری میں آج دونوں کو
ساتھ دیکھا تو جل گئی بارش
اس نے لاکر رکھا تھا چوکھٹ پر
سارا اخبار پڑھ گئی بارش
آئیے بھیگ جائیں ہم شانہؔ
ہے نئے سال کی نئی بارش
…………………………
عصر جدید کا انسان!!
٭ جسم … شیشے کا
٭ قلب … پتھر کا
٭ روح … مٹی کی
٭ ہاتھ … کاغذ کا
٭ رُوپ … لوہے کا
ڈاکٹر عبدالخلیل کششؔ ۔ شکرنگر
…………………………
ایک اُستاد کی ڈائری …!
٭ میم کیا ہم لعنت کا استعمال کر سکتے ہیں؟
ہر گز نہیں،یہ کیسا سوال ہے؟
میم آپ نے ہی نوٹ میں لکھا تھا کہ جہاں مشکل پیش آئے وہاں لعنت کا استعمال کریں!
میں نے ’’لغت‘‘ لکھا تھا لعنت نہیں…!!
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
فرق
٭ ایک صاحب کی بیوی مائیکہ سے واپس آرہی تھی ۔ ٹرین رکتے ہی وہ ڈبہ میں گھسے ، سارا سامان قلی کو سونپا اور باہر نکلنے کی تیاری کرنے لگے ۔ بیوی کو یہ ٹھنڈا استقبال پسند نہ آیا وہ چڑکر بولی ذرا مسکراکر استقبال کرلیتے تو کیا ہوتا ؟ ذرا سامنے والی عورت کی طرف دیکھئے وہ اور اس کا شوہر کیسے ہنس ہنس کر باتیں کررہے ہیں !!
وہ اپنی بیوی کو رخصت کرنے آیا ہے لینے نہیں شوہر نے ٹھنڈی سانس بھرکر کہا !!
ایم اے وحید رومانی ۔ نظام آباد
…………………………
ماہر ہیں… !!
٭ ایک عورت اپنی پڑوسن کے پاس جاکر بولی ’’بہن ! ذرا تمہارا ماچس باکس دینا میرا گیس لائٹر پتہ نہیں کہاں کھوگیا ہے۔
پڑوسن : معاف کرنا بہن ! آج صبح ہی ماچس ختم ہوگئی ہے ۔ اگر آپ چاہیں تو میری ساس کو لے جاسکتی ہیں ، وہ آگ لگانے میں ماہر ہیں۔
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر۔ نظام آباد
…………………………
میری طرح !!
٭ ایک معصوم لڑکا اپنی ماں سے بچھڑ گیا اور اُسے تلاش کرتے ہوئے ایک اجنبی راہ گیر سے پوچھا : ’’کیا آپ نے میری ماں کو دیکھا ہے ، جو دیکھنے میں بالکل میری طرح ہے اور جن کے ساتھ میں نہیں ہوں !!‘‘
نسیمہ بیگم ۔ احمدپورہ کالونی ، نظام آباد
…………………………
بہادر آدمی !!
بیوی : شادی سے پہلے میں تمہیں بہت بہادر آدمی سمجھتی تھی ۔
شوہر : تم جیسی عورت سے شادی کرنا کیا کم بہادری ہے !
محمد منیرالدین الیاس ۔ مہدی پٹنم
……………………………
تعجب ہے !
٭ ایک بیوقوف شخص اپنے دوسرے بیوقوف ساتھی سے ( فون کرتے وقت ) ’’کون بول رہا ہے ؟ ‘‘
دوسرا بیوقوف: ’’ میں بول رہا ہوں‘‘
پہلا : ’’ یار ! عجیب بات ہے۔ اُدھر سے بھی میں بول رہا ہوں ‘‘
محمد عادل ۔ صلالہ
……………………………