انورؔ مسعود
درسِ اِمروز … !!
بچو یہ سبق آپ سے کل بھی میں سنوں گا
وہ آنکھ ہے نرگس کی جو ہر گز نہیں روتی
عنقا ہے وہ طائر کہ دکھائی نہیں دیتا
اُردو وہ زباں ہے کہ جو نافِذ نہیں ہوتی
…………………………
محمد خلیل الرحمن
مِس یو …!!
مالکن نے ایک دن غصے میں رضیہ سے کہا
کیوں اری رضیہ نگوڑی! یہ تجھے کیا ہوگیا
آئے دن تو بن بتائے چھٹیاں کرتی ہے کیوں
کاٹتی ہوں جب تری تنخواہ تب مرتی ہے کیوں
اب بتا کمبخت دو دن سے کہاں تو مرگئی
سنتے ہی رضیہ پٹاخہ جھٹ سے یوں گویا ہوئی
کیوں خفا ہوتی ہو چھوٹی سی مری حرکت پہ تم
رحم کیوں کھاتی نہیں باجی! مری حالت پہ تم
کام کرتے جب مری حالت دگر گوں ہوگئی
ایک دن آرام کرنے کے لیے میں سو گئی
ہاں خدا لگتی ذرا کہیو کہہ بتلایا نہ تھا
فیس بُک پر میرا اسٹیٹس نظر آیا نہ تھا
میرا اسٹیٹس جسے صاحب نے بھی لائیک کیا
اور نیچے ’’مس یو رضیہ‘‘ اتفاقاً لکھ دیا
…………………………
بہت بہت شکریہ!!
٭ ایک شخص ایک ڈاکٹر کے پاس گیا اور اس سے کہا ’’آپ بڑے ڈاکٹر ہیں‘‘
ڈاکٹر نے جواب دیا ’’بھئی مجھ سے بھی بڑے ڈاکٹر موجود ہیں!‘‘
دوسری بار وہ ایک انجنیئر کے پاس گیا اور کہا ’’آپ ملک کے سب سے بڑے انجنیئرہیں؟‘‘
اُس نے کہا ’’مجھ سے کہیں بڑے انجنیئر ملک میں ہیں میں کس گنتی میں ہوں؟‘‘
تیسری بار وہ شخص ایک شاعر کے پاس گیا اور اس سے کہا ’’آپ ملک کے سب سے بڑے شاعر ہیں‘‘۔ شاعر نے جواب دیا ’’آپ درست فرماتے ہیں واقعی آپ مردم شناس ہیں ۔آپ جیسے لوگ کہاں ملتے ہیں آپ کا بہت بہت شکریہ کہ آپ نے میرے مقام کو پہچان لیا…!!‘‘
ایم اے وحید رومانی ۔نظام آباد
…………………………
تیسرا بھی گیا !!
ایک سہیلی دوسری سہیلی سے : سنا تم نے ! ہماری پڑوسن کے تیسرے شوہر کا بھی دیہانت ہوگیا، بیچاری کا تیسرا شوہر بھی چل بسا ۔
دوسری سہیلی : یہاں ہم ایک کو ترس رہے ہیں ، اور اُسے نہ جانے کہاں سے تین تین مل گئے !!
محمد منیرالدین الیاس ۔ مہدی پٹنم
……………………………
بولی …!!
٭ ایک شخص نے پرندوں کی دوکان پر نیلام بورڈ لٹکا دیکھا تو دوکان میں داخل ہوا اور طوطے کی بولی لگائی ۔ بولی بڑھتی رہی ، اس شخص کو طوطا اتنا اچھا لگا کہ وہ اسے کسی بھی قیمت پر چھوڑنا نہیں چاہتا تھا اس لئے وہ بڑھاتا گیا بالآخر بولی اس کے نام پر ختم ہوگئی ۔ وہ قیمت ادا کرکے طوطے کا پنجرہ تھامے باہر آنے لگا تو اچانک اسے خیال آیا اور اُس نے دوکاندار سے پوچھا : ’’بھائی تم نے تو بتایا ہی نہیں کہ طوطا بولتا بھی ہے یا نہیں ؟‘‘
دوکاندار کے بجائے طوطے نے جواب دیا ، بیوقوف آدمی میں اتنی دیر سے تمہارے مقابلے میں بولی ہی تو بول رہا تھا …!!
خورشید جہاں بیگم ۔ عادل آباد
…………………………
کیا رکھا ہے !!
٭ ایک آدمی نے اپنے قریبی دوست سے ایک پارٹی میں ملاقات کی اور کہا ’’ارے یار… !! تم تو شادی سے پہلے کہا کرتے تھے میں بہت ہی خوبصورت لڑکی سے شادی کرونگا ؟ مگر تمہاری بیوی تو خوبصورت نظر نہیں آرہی ہے… !!چھوڑویار صورت میں کیا رکھا ہے ،وہ جو سامنے خوبصورت کار نظر آرہی ہے ۔ یہ میری بیوی کی ہی بدولت ہے ، جو مجھے شادی میں دی گئی ہے ! دوست نے خوش ہوتے ہوئے کہا ۔
سالم جابری ۔ آرمور
…………………………
دونوں بھی …!!
استاد نے شاگرد سے کہا : ’’بتاؤ ! مکھی اور مچھر میں کیا فرق ہے ؟!
شاگرد : ’’دونوں بھی ڈاکٹر ہیں !‘‘
استاد : ’’وہ کیسے ؟ ‘‘ شاگرد : ’’ایک معائنہ کرتا ہے اور دوسرا ٹیکہ لگاتا ہے !‘‘۔
سید حسین جرنلسٹ ۔ دیورکنڈہ
…………………………