شیشہ و تیشہ

   

Ferty9 Clinic

احمد علوی
پیاری بیوی …!!
پیاری ہو کہ پتلی ہو ہلکی ہو کہ بھاری ہو
بیوی وہ تمہاری یا بیوی وہ ہماری ہو
ہر عمر کے شوہر کا علویؔ ہے یہی کہنا
بیوی وہی پیاری جو اللہ کو پیاری ہو
…………………………
دلاور فگار
یہ بمبئی ہے …!!
گفتگو میں بھی یہاں اک خاص انداز عوام
کل کسی سے کہہ رہے تھے اک بزرگ نیک نام
ہم تو شالا روز تم شالے کو کرتا ہے شلام
اور تم شالا کبھی کرتا نہیں ہم شے شلام
ہم بروبر بات کرتا ہے اپن جھوٹا نہیں
تم تو بنڈل پھینکتا ہے مال ابھی چھوٹا نہیں
بمبئی میں سیکڑوں علمی و فلمی شخصیات
وہ اڈیٹر جن کے ہاتھوں میں نظام کائنات
وہ پروڈیوسر کہ جن کے جام میں آب حیات
اور وہ شاعر کہ جن کی شاخ آہو پر برات
یاں دلیپ و راج ہیں نوشاد و محمود و لتا
ان سے ملنا ہو تو پہلے بھول جا اپنا پتہ
بمبئی میں عام ہے ہر جنس بہتر کا بلیک
آرزو کا وقت کا سنگم کا لیڈر کا بلیک
یاں شکیلؔ و ساحرؔ و مجروحؔ و اخترؔ کا بلیک
جعفریؔ تو جعفریؔ ٹھہرے مظفرؔ کا بلیک
دیکھ کر اس شہر کے انداز دل حیران ہے
بمبئی کاہے کو ہے پورا جمالستان ہے
…………………………
کہاں چل دیئے …!!
٭ ایک مرتبہ خلیفہ مامون نے مجلس میں ایک قصیدہ پیش کیا اور معروف شاعر ابونواس سے اس کی راے جاننا چاہی۔ ابونواس کہنے لگا: بلاغت اس کو چھو کر بھی نہیں گزری…!
خلیفہ نے حکم دیا کہ اسے ایک مہینے تک گدھوں کے اصطبل میں قید رکھا جائے۔
ابونواس ایک ماہ کی قید کاٹ کر رہا ہوا تو پھر مجلس میں حاضری دی۔ اب کے مامون نے ایک اور قصیدہ سنایا؛ ابھی آدھا قصیدہ ہی ہوا تھا کہ ابونواس اُٹھ کر جانے لگا؛
مامون نے پوچھا: کہاں چل دیئے؟
ابونواس نے کہا: اصطبل…!!!
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
…خبر پہ شوشہ …
’’زندہ پہنچا شمشان گھاٹ ‘‘
٭ الیکشن کمیشن آف انڈیا (ECI) جو آج کل کافی چرچہ میں ہے کی ’’اعلیٰ کارکردگی‘‘ کے طفیل کچھ عرصہ قبل ووٹر لسٹ میں بہار کے بہت سے لوگ جو مردہ قرار دئیے گئے تھے نے دہلی میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کے ساتھ چائے نوشی کی جس کی خبر بہت وائرل ہوئی تھی۔ اب ایک تازہ اطلاع کے مطابق کولکتہ میں ترنمول کانگریس کے ایک کونسلر مسٹر سوریہ کمار جنہیں ووٹر لسٹ میں مردہ قرار دے دیا گیا، اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ جلوس کی شکل میں شمشان گھاٹ پہنچے اور مطالبہ کیا کہ ان کی آخری رسومات انجام دی جائیں۔
ملک کے مقتدر اعلیٰ ادارے ECI کے لیے یہ ایک لمحہ فکر ہے۔ ورنہ ہم بے بس لوگ تو کسی شاعر کے ایک شعر کو بس ذرا سی تبدیلی کے ساتھ یوں دہرا سکتے ہیں ؔ
شکایت موت سے نہیں EC سے ہے
ذرا سی آنکھ کیا لگی وہ قبر کھودنے لگے
کے این واصف۔ ریاض
…………………………

جلدی جانا ہے !!
٭ شوہرنے اپنی بیوی سے کہا بیگم جلدی سے کھانا نکالو مجھے جلدی جانا ہے ۔
بیوی نے پریشان ہوتے ہوئے کہا کیا ہوا جی آپ کبھی کھانے کیلئے اتنی جلدی نہیں کرتے آج کیا وجہ ہے ۔
شوہر نے بیوی کو سمجھاتے ہوئے کہا ’’بیگم تم کو معلوم نہیں آج کل بھوک ہڑتال کا زمانہ چل رہا ہے ! مجھے بھی بھوک ہڑتال میں شرکت کیلئے جانا ہے ‘‘۔
سالم جابری ۔ آرمور
…………………………
کیا تحفہ دو گے …!!
٭ ڈاکٹر مریض سے : ’’اگر تم میری دوائی سے ٹھیک ہوگئے تو تم مجھے کیا تحفہ دو گے !؟‘‘
مریض : جناب میں تو قبریں کھودتا ہوں ، آپ کی فری میں کھود دوں گا …!!
تنویر فاطمہ ۔ اکبرباغ
…………………………