شیشہ و تیشہ

   

Ferty9 Clinic

شاہد ریاض شاہدؔ
یہ سال بھی !
مسئلے تو پچھلے سال کے اپنی جگہ رہے
سب سوچتے رہے کہ نیا سال آ گیا
خوشیاں جو بانٹتا تو کوئی نئی بات تھی
گزرا ہوا یہ سال بھی عمریں بڑھا گیا
…………………………
احمد علوی
درخواست …!!
کچھ اثر کرتی نہیں اس پہ یہ پتھر بازی
یوں تو ہر وقت ہے تیار یہ مر جانے کو
مارنا ہے جسے بندوق سے بم سے مارے
کوئی پتھر سے نہ مارے مرے دیوانے کو
…………………………
دلاور فگارؔ
زہر بیمار کو …!!
زہر بیمار کو مردے کو دوا دی جائے
ہے یہی رسم تو یہ رسم اُٹھا دی جائے
وصل کی رات جو محبوب کہے گڈ نائٹ
قاعدہ یہ ہے کہ انگلش میں دعا دی جائے
آج جلسے ہیں بہت شہر میں لیڈر کم ہیں
احتیاطاً مجھے تقریر رٹا دی جائے
مار کھانے سے مجھے عار نہیں ہے لیکن
پٹ چکوں میں تو کوئی وجہ بتا دی جائے
میری وحشت کی خبر گھر کو ہوئی ہے جب سے
چھت یہ کہتی ہے کہ دیوار ہٹا دی جائے
بس میں بیٹھی ہے مرے پاس جو اک زہرہ جبیں
مرد نکلے گی اگر زلف منڈا دی جائے
…………………………
نمک پارے …!!
٭ حیدرآباد وہ واحد شہر ہے جہاں لوگ ٹرافک سگنل کی لال بتی دیکھ کر نہیں رُکتے بلکہ بلی سامنے آگئی تو رُک جاتے ہیں !
٭ جب کبھی اپنی خوبصورتی پر گھمنڈ ہوجائے تب اپنے آدھار کارڈ کا فوٹو دیکھ لینا ۔
٭ شراب اور سگریٹ پر کتنے بھی بڑے لفظوں میں خطرہ ہے کہہ لو یہ لوگ پھر بھی پیئں گے ضرور کیونکہ ہمارے ہاں سب خطروں کے کھلاڑی ہیں !
٭ امریکہ میں بچہ رویا تو کھلونا دیتے ہیں لیکن ہمارے ہاں ایک اور بچہ اُس کے بدلے میں دیتے ہیں …!
٭ ہندوستان میں بیوی کیسی بھی ہو اُسے پوجتے ہیں غیرملکوں میں فوری بدل دی جاتی ہے …!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………
شریف آدمی …!!
٭ سعادت حسن منٹو نے کافی لوگوں کے اسکیچ لکھے ہیں اور اس سلسلے میں انکی کتاب ’’گنجے فرشتے‘‘ کافی مشہور ہے۔
جب ان سے احمد ندیم قاسمی کا کیریکٹرا سکیچ لکھنے کی فرمائش کی گئی تو وہ اُداس ہو کر نہایت بجھے بجھے لہجہ میں کہنے لگے۔
’’قاسمی کا اسکیچ؟ وہ بھی کوئی آدمی ہے، جتنے صفحے چاہو سیاہ کرلو، لیکن بار بار مجھے یہی جملہ لکھنا پڑے گا۔
قاسمی بہت شریف آدمی ہے، قاسمی بہت شریف آدمی ہے‘‘۔
ابن القمرین۔ مکتھل
…………………………
کمزور دماغ
٭ آفریدی نے حفیظ سے کہا یار تمہارے نئے ماسٹر کیسے ہیں ؟
حفیظ نے کہا دیکھنے میں اچھے ہیں اور بچوں پر زیادہ سختی بھی نہیں کرتے پر دماغ سے تھوڑے کمزور معلوم ہوتے ہیں ۔
آفریدی نے کہا وہ کیسے ؟ تو حفیظ نے کہا دیکھو یار کل کہہ رہے تھے 5 اور 5 = 10 ہوتے ہیں اور آج کہہ رہے ہیں 6 اور 4 = 10 ہوتے ہیں ۔
رباب محمدی ، جلیس الرحمن ۔ گلبرگہ شریف
……………………………
شک کی بنیاد …!!
شوہر ( بیوی سے ) بیگم تم ہر وقت مجھے شک کی نظروں سے کیوں دیکھتی ہو …!؟
کبھی کام والی بائی آئی تو شک … پڑوسن گھر آئی تو شک … اور تو اور اپنے بچوں کو ٹیوشن پڑھانے نے والی ٹیچر پر شک ، آخر تم مجھ پر اتنا شک کیوں کرتی ہو…!؟
بیوی : کیونکہ میں تمہاری رگ رگ سے واقف ہوں اورمیں جانتی ہوں اکثر چور شک کی بنیاد پر ہی پکڑا جاتا ہے۔
سالم جابری ۔ آرمور
…………………………